28 فبروری کو اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلی تعلیم کا بیان
حیدرآباد۔23فبروری( سیاست نیوز) ریاست میں ’ ای سیٹ ‘ کا 21 مئی کو انعقاد عمل میں آئیگا ۔ اس سلسلہ میں صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم مسٹر پاپی ریڈی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اعلیٰ عہدیداران بشمول انچارج وائس چانسلر جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی شریمتی ٹیلجا رام ایئر صدرنشین ای سیٹ ‘ یادیا ‘ کنوینر ای سیٹ ‘ ملیش ‘ نائب صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم شریک تھے ۔ مسٹر پاپی ریڈی نے اجلاس کی روئیداد سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ای سیٹ 2015 21 مئی کو تلنگانہ کے 9امتحانی مرکز پر منعقد ہوگا ۔ ای سیٹ 2015 کیلئے 28فبروری کواعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ 15 اپریل بغیر کسی جرمانہ کے ای سیٹ درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ ای سیٹ 2015ء میں شرکت کے خواہشمند طلبہ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد اپنے درخواست فارمس 6مارچ سے آن لائین داخل کرسکتے ہیں ۔ 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ 25اپریل تک ‘ ایک ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 2مئی تک اور پانچ ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ طلبہ آن لائین اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ تتکال کے تحت دس ہزار روپئے جرمانہ ادا کر کے طلبہ اپنی درخواستیں پیش کرسکتے ہیں ۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ ای سیٹ کے نتائج کا 31مئی 2015ء کو اعلان کیا جائے گا ۔ ای سیٹ کیلئے امتحانی فیس اس مرتبہ بھی 300 روپئے مقرر کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ای سیٹ امتحانی مراکز حیدرآباد میں دو ‘ کریم نگر ‘ کھمم ‘ نظام آباد ‘ نلگنڈہ ‘ محبوب نگر ‘ ورنگل کے علاوہ ضرورت پڑنے پر عادل آباد کو امتحانی مرکز بنایا جائے گا ۔ غیر مقامی یعنی دیگر ریاستوں بشمول آندھراپردیش کے طلبہ کیلئے 371-D کے تحت 15فیصد تحفظات فراہم رہیں گے اور 15فیصد تحفظات کے تحت بلا کوئی خوف طلبہ ای سیٹ میں شرکت کر کے داخلہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت تلنگانہ میں 281 کالجس میں ای سیٹ کے ذریعہ داخلہ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے 33339 نشستیں دستیاب رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ای سیٹ کے اوقات 10بجے تا 1بجے دوپہر ہوں گے ۔ ای سیٹ کے ذریعہ انجنیئرنگ کورسیس ‘ فارمیسی اور بی ایس سی میاتھس میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ ای سیٹ امتحانی پرچہ کے نشانات 200رہیں گے ۔ اس موقع پر انچارج وائس چانسلر جے این ٹی یو ایچ شریمتی شلیجا رام ایئر کنوینر ای سیٹ مسٹر یادیا و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔