حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( پی ٹی آئی ) : تلگو سال نو اگادی کا تہوار تلنگانہ میں آج روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ تلگو عوام نے اس تہوار کے موقع پر رنگ برنگے لباس پہن کر آج صبح خصوصی پوجا کی ۔ گھروں کے دروازوں کو آم کے پتوں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں نیم کے پھول ، گڈھ ، کالی مرچ یا ہری مرچ ، نمک ، املی کا کھٹا اور کیری کے چھوٹے ٹکڑوں سے تیار کردہ خصوصی لازمہ پچھڑی کھائی گئی ۔ پچھڑی اس بات کی علامت سمجھی جاتی ہے کہ زندگی مختلف تجربات کا مجموعہ ہے جس میں سکھ دکھ راحت اور مصیبت کو یکسانیت اور مساویانہ اہمیت کے ساتھ قبول کیا جانا چاہئے ۔ اگادی کا تہوار ریاستی حکومت کی طرف سے سے منایا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ کانگریس ، تلگو دیشم اور دیگر جماعتیں بھی اپنے دفاتر میں اس تہوار کا اہتمام کرتی ہیں ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے منعقدہ سرکاری اگادی تقریب میں چیف سکریٹری ایس کے جوشی مہمان خصوصی تھے ۔ تہوار کے ایک حصہ کے طور پر مندروں اور دیگر مقامات پر پنچانگا سر اونم کا اہتمام کیا گیا ۔ جس کے مطابق سال کے دوران ریاست کا مالی موقف بہتر رہے گا اور فلاحی اسکیمات جاری رہیں گے ۔ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں کی رہنمائی کرے گا ۔۔