اقلیتی بہبود اسکیمات پر تیزی سے عمل آوری کی ہدایت ، وزیر پی رگھوناتھ ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع کلکٹرس ‘سپرنٹنڈنٹس آف پولیس اور ریونیو عہدیداروں کے تعاون سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں سے متعلق تمام تفصیلات آن لائن کرنے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری میں تیزی پیدا کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ بینکوں سے مربوط قرض پر سبسیڈی کی فراہمی اور ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیمات کے نشانوں کی تکمیل کی ہدایت دی گئی۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش ڈاکٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے آج اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے آندھراپردیش میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اُن کی ترقی کا بھی جائزہ لیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال ‘ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور ‘ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ سلطان محی الدین کے علاوہ آندھراپردیش کے تمام ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسرس اور ایگزیکٹیو آفیسرس اقلیتی فینانس کارپوریشن اجلاس میں موجود تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت کی سنجیدگی کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ اُن کی ترقی کیلئے جامع اسکیم تیار کی جائے تا کہ آمدنی اقلیتوں کی بھلائی پر خرچ کی جاسکے ۔ وقف بورڈ کے عہدیداروںنے انہیں آندھراپردیش کی اوقافی جائیدادوں اور اُن کے موجودہ موقف سے واقف کرایا ۔ ڈاکٹر رگھو ناتھ ریڈی نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ برائے 2014-15 پر آندھرا پردیش میں عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت میچنگ گرانٹ کے طور پر 28 کروڑ 15 لاکھ روپئے جاری کرے گی۔ 2013-14 کی مرکزی پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے آندھرا پردیش حکومت نے مچینگ گرانٹ کی رقم 12 کروڑ 12 لاکھ 93 ہزار جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینکوںسے مربوط سبسیڈی کی فراہمی کے سلسلہ میں جاریہ سال 10 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جو اجرائی کے مرحلے میں ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے اجلاس کو بتایا کہ 2013-14 کی سبسیڈی سے متعلق 3664 درخواستوں کی دوبارہ جانچ کی گئی اور ضلع کلکٹرس نے 1547 درخواستوں کو منظوری دی ہے ان میں سے 1098 درخواست گذاروں کو سبسیڈی کے طور پر 4 کروڑ 68 لاکھ 33 ہزار روپئے جاری کئے گئے ۔ 707 درخواستوں کی یکسوئی ابھی جانچ کے مرحلے میں ہیں۔ 2014-15 میں سبسیڈی کی فراہمی کے سلسلہ میں ابھی تک 729 درخواستوں کو کلکٹرس نے منظوری دے دی ہے ۔ اس سلسلہ میں جاریہ سال 1967 امیدواروں کو سبسیڈی کی اجرائی کا منصوبہ ہے ۔ ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت 2013-14 میں 467 افراد کو ٹریننگ دی گئی جس پر 24 لاکھ 89 ہزار کا خرچ آیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے 13 اضلاع میں جملہ 6525 امیدواروں کو مختلف کورسز میں ٹریننگ دی گئی ۔ حکومت کے ادارے اپیٹکو کو ٹریننگ کی رقم جاری کرنا ابھی باقی ہے ۔