این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلنگانہ پارٹی ورکرس کے اجلاس سے چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد /6 جون (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و آندھرا پردیش کے منتخب چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ میں تلگودیشم کے اقتدار کے حصول تک آرام نہ کرنے کا اعلان کیا۔ آج این ٹی آر بھون میں تلنگانہ تلگودیشم قائدین سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تلگودیشم دور حکومت میں حیدرآباد اور علاقہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں، ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے وسائل میں اضافہ کے علاوہ اصلاحات بھی کئے تھے، جس سے انقلابی ترقی ہوئی اور سرکاری خزانہ میں اضافہ ہوا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ تلنگانہ کو خشک سالی بچانے کے لئے بابلی پراجکٹ کے خلاف احتجاج کیا اور زندگی میں پہلی مرتبہ جیل گئے، جب کہ تلنگانہ کا فاضل بجٹ ان کا مرہون منت ہے۔ ان کی دُور اندیشی اور صحیح وقت پر مناسب فیصلہ کی وجہ سے ترقی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ بانی تلگودیشم این ٹی آر نے ترقی و بہبود کو حکومت کا مقصد بنالیا تھا اور اپنے منصوبے میں وہ پوری طرح کامیاب بھی ہوئے۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگودیشم کا مظاہرہ مایوس کن نہیں بلکہ حوصلہ بخش رہا۔ وہ 2019ء میں تلنگانہ میں تلگودیشم کو اقتدار تک پہنچانے کے لئے دن رات کام کریں گے اور تلنگانہ تلگودیشم قائدین کے ساتھ مشاورت کرکے عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے تلگودیشم اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کے وعدہ پر وہ اٹل ہیں، مالی خسارہ کے باوجود وہ اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ انھوں نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف کسانوں کی برہمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قرضہ جات کی معافی کے شرائط نافذ کرکے کسانوں میں بے چینی پیدا کردی ہے، جس کی تلگودیشم پارٹی مذمت کرتی ہے اور وعدہ پر عمل آوری کا حکومت سے مطالبہ کرتی ہے۔