نظام آباد میں ٹی آر ایس کی طاقت بے فیض ثابت ، محمد علی شبیر کا ادعا
حیدرآباد ۔12 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) مجالس مقامی کے انتخابات میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی پر سینئر قائد اور رکن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ محمد علی شبیر جو عمرہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں مکہ مکرمہ میں ہیں، سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجالس مقامی کے نتائج توقع کے عین مطابق ہیں اور اسمبلی اور لوک سبھا میں بھی کانگریس تلنگانہ میں زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد ضلع میں ٹی آر ایس کی جانب سے ساری طاقت جھونک دیئے جانے کے باوجود کانگریس نے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ کاما ریڈی میونسپلٹی پر کانگریس نے قبضہ کرلیا اور ٹی آر ایس تیسرے نمبر پر رہی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کو جملہ 17 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اسے ایک آزاد امیدوار کی تائید حاصل ہے۔ اس طرح میونسپلٹی پر کانگریس کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو 8 اور ٹی آر ایس کو صرف 5 نشستیں حاصل ہوئیں۔ کاما ریڈی میں مجلس کو ایک نشست حاصل ہوئی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ مجالس مقامی کے نتائج سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس پر بھروسہ کرنے والے نہیں۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کیلئے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مختلف جماعتوں کی مخالفت کے باوجود بل کی منظوری کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست میں کانگریس حکومت کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی نے تلنگانہ دیا ہے عوام اسی پارٹی کو اقتدار دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ خوش فہمی کا شکار ہیں کہ انہیں اسمبلی میں اکثریت حاصل ہوگی اور وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوں گے ۔ مجالس مقامی کے نتائج کے بعد ٹی آر ایس قیادت کو حقائق تسلیم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نظام آباد میں لوک سبھا اور اسمبلی کی زائد نشستوں پر کانگریس کامیابی حاصل کرے گی ۔ اس کے علاوہ میدک ، ورنگل ، کھمم ، محبوب نگر ، رنگا ریڈی اور نلگنڈہ میں کانگریس کا شاندار مظاہرہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا تلنگانہ کے 10 اضلاع میں صرف 5 اضلاع پر کیڈر موجود ہے، وہ کس طرح تشکیل حکومت کا دعویٰ کرسکتی ہے۔ محمد علی شبیر نے کاما ریڈی میونسپلٹی پر کانگریس کو کامیاب کرنے کیلئے مقامی رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ میونسپلٹی کے ذریعہ کاما ریڈی میں ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔