حیدرآباد /22 اپریل ( سیاست نیوز ) مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ایمس ) منظور کیا ہے ۔ مرکزی محکمہ صحت نے درکار فنڈز مختص کرتے ہوئے ریاست میں ایمس کے قیام کیلئے منظوری دے دی ہے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حصول اراضیات کی تکمیل کرنے کی تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی ہے ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر اور مرکز سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ تقسیم ریاست بل میں مرکزی حکومت نے دونوں تلگو ریاستوں کو ایمس دینے کا اعلان کیا تھا ۔ وعدے کے مطابق آندھراپردیش کو منظور کردیا مگر تلنگانہ سے وعدہ نبھانے میں تاخیر کردی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی جب بھی دہلی گئے انہوں نے ایمس کے وعدے کی تکمیل کا مرکز پر دباؤ ڈالا چیف منسٹر نے وزیر اعظم نریندر مودی مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سے بار بار نمائندگی کی ۔ ارکان پارلیمنٹ نے بجٹ سیشن کے دوران بھی مرکز پر دباؤ بنایا تھا جس کی بنیاد پر مرکز نے تلنگانہ میں ایمس کے قیام کیلئے ہری جھنڈی دیکھا دی ہے ۔ محبوب نگر میں میڈیکل کالج کے کاموں کا آغایز ہوگیا ۔ سدی پیٹ میں قائم ہونے والے میڈیکل کالج کیلئے منظوری حاصل ہوگئی ۔ چیف منسٹر نے سوریہ پیٹ اور نلگنڈہ میں بھی میڈیکل کالج قائم کرنے کا وعدہ کیا جس کی تیاریاں بھی زوروں پر چل رہی ہے ۔ ان دو کالجوں کیلئے بھی بہت جلد منظوری حاصل ہوجائے گی ۔ مرکز نے تازہ احکامات کے تحت ایمس کی منظوری دے دی ۔ آئندہ سال یعنی 5 سال کے دوران ریاست میں جملہ 5 میڈیکل کالجس قائم ہوں گے ۔ اس سے ریاست میں سوپر اسپیشلٹی طبی خدمات دستیاب ہوجائے گی ۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ ان میڈیکل کالجس اور ہاسپٹلس کے قیام کے بعد موجودہ ہاسپٹلس پر جو دباؤ ہے وہ بری حد تک کم ہوجائے گی ۔