حیدرآباد 21 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج یہ بات بتائی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک موسمی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ عادل آباد ‘ نظام آباد ‘ کریمنگر ‘ورنگل ‘ نلگنڈہ اور کھمم اضلاع میں شدید سے بہت زیادہ شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شمال مغربی اور پڑوسی مغربی وسطی خلیج بنگال میں جو ساحل آندھرا پردیش و جنوبی اوڈیشہ کے ساحل کے قریب ہوا کے دباؤ میں کمی کا جو ماحول تھا وہ آج صبح 6.30 بجے گوپال پور اور پوری کے درمیان پار کرگیا ہے ۔ اب ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال اوڈیشہ میں پھول بنی کے 90 کیلومیٹر جنوب مشرق میں ہے ۔ یہ مزید شمال مغرب کی سمت پیشرفت کرسکتا ہے اور اس کے اثر سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست تلنگانہ کے بیشتر مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ گذشتہ دو دن سے بھی ریاست میں مختلف مقامات پر وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔