آبائی ریاست میں تبادلوں تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان ، ٹی این جی اوز گریٹرحیدرآباد صدر کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ تحریک کے دوران منعقدہ عام ہڑتال میں نمایاں رول ادا کرنے والے تلنگانہ حامی سرکاری ملازمین کے سیما آندھرا محکموں میںتبادلہ کے خلاف ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ پیش کیاگیا۔ صدر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب کی قیادت میں منعقدہ اس دھرنے میں سینکڑوں کی تعداد میں سرکاری ملازمین نے حصہ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب مجیب نے کہاکہ بیالیس روزہ عام ہڑتال میں اہم رول ادا کرنے والے سنٹرل سروے ریکارڈ ڈپارٹمنٹ کا سیما آندھرا علاقوں میںتبادلہ عمل میں لایاگیا ہے جہاں پر ان کا کوئی نگران کار اعلی عہدیدار بھی موجود نہیں ہے اور نا ہی آندھرا حکومت کی جانب سے انہیں تنخواہیں حاصل کرنے کے متعلق واضح ہدایت بھی موصول نہیں ہوئی ہے ان حالات میں تلنگانہ کے مذکورہ ملازمین کا مستقبل تاریکی میں ڈوب رہا ہے۔ صدر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد نے مزید کہاکہ سیما آندھرا کے محکموں میں ٹرانسفر کئے گئے تلنگانہ کے تمام عہدیداروں کی تلنگانہ میں واپسی ضروری ہے کیونکہ سیما آندھرا حکمرانوں سے تلنگانہ کے ملازمین کو کسی بھی قسم کے انصاف کی امیدیں نہیں ہیں اور سیما آندھرا انتظامیہ کے اعلی عہدیدار تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی ترقی کو ہرگز برداشت نہیںکریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سنٹرل سروے ریکارڈ کے بشمول مختلف محکموں سے وابستہ تلنگانہ ملازمین سیما آندھر ا کے محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں ان کی تلنگانہ میں واپسی تک ہم اپنے احتجاج کو جاری رکھیں گے۔جناب ایس ایم حسینی مجیب نے چیف منسٹر تلنگانہ کے بشمول تلنگانہ انتظامیہ کے تمام ذمہ داران سے اس حساس مسئلہ پر توجہہ مرکوز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے برسراقتدار انے کے بعد تلنگانہ کی عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کے ساتھ انصاف کی امیدیں قوی ہوگئی ہیں۔