حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ریاست کی تقسیم کو روکنے کے لیے دہلی روانہ ہونے والے ہیں ، صدر جمہوریہ نے انہیں 5 فروری کو ملاقات کرنے کا وقت دیا ہے ۔ تلنگانہ مسودہ بل کے ساتھ ہی تمام سرگرمیاں حیدرآباد سے دہلی منتقل ہوگئی ہیں ۔ تلنگانہ اور سیما آندھرا کے قائدین دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کل دہلی روانہ ہوں گے ۔ تلنگانہ مسودہ بل آج مرکزی وزارت داخلہ کو پہونچ چکا ہے ساتھ ہی تلنگانہ اور سیما آندھرا کے وزراء اور دوسرے قائدین بھی دہلی پہونچ چکے ہیں ۔ تلنگانہ کے قائدین جہاں تلنگانہ کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے مرکزی وزراء اور کانگریس کے سینئیر قائدین سے ملاقات کررہے ہیں ۔ وہیں سیما آندھرا کے قائدین ریاست کی تقسیم کو روکنے کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔
یہاں تک کہ سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت کے خلاف دوسری مرتبہ تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کرنے اور ایوان کی کارروائی کو چلنے نہ دینے کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی مخالف تلنگانہ مہم چلانے والے سیما آندھرا کے کانگریس قائدین کی قیادت کررہے ہیں ۔ اے پی بھون سے راشٹرا پتی بھون تک پدیاترا کرنے اور دہلی میں مرن برتھ منظم کرنے پر بھی غور کررہے ہیں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو 5 فروری کو ملاقات کرنے کا وقت دیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر 4 فروری کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ دہلی میں وہ سیما آندھرا کے مرکزی و ریاستی وزراء ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا بھی 4 فروری کو دہلی روانہ ہوں گے اور تلنگانہ کی سرگرمیوں میں شامل ہوجائیں گے ۔۔