تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث ہونے چاہئے

حیدرآباد /7 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر امور مقننہ شیلجہ ناتھ نے اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کے لئے تمام ارکان اسمبلی سے اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل پر بحث کے لئے حکومت اور کانگریس پارٹی پوری طرح تیار ہیں، جب کہ مباحث سے انکار علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل قبول کرنے کے مترادف ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم ارکان اسمبلی اور وائی ایس آر کانگریس کی جانب سے بظاہر علحدہ تلنگانہ ریاست کی مخالفت کی جا رہی ہے، تاہم وہ مباحث کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بحث کے دوران مسودہ بل کے ہر فقرہ کی مخالفت کرتے ہوئے ترمیم لانے یا اس کو مسترد کرنے کی گنجائش موجود ہے،

اس کے باوجود وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم کے ارکان اسمبلی تعاون کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انھوں نے وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں ریاست کو متحد رکھنے میں تعاون کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ معاشی معاملے میں وزیر اعظم منموہن سنگھ کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے، جواب وصول ہونے کے بعد تمام ارکان اسمبلی کو اس سے واقف کرایا جائے گا۔ دریں اثناء ریاستی وزیر انڈومنٹ سی رام چندریا نے کہا کہ انھوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اس طرح کا بل نہیں دیکھا، تاہم مسودہ بل پر بحث کرنا بہتر ہے، کیونکہ یہ صرف مسودہ بل ہے، جس کے استرداد کی گنجائش موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسودہ بل میں معاشی پیکیج، نیا صدر مقام، پولاورم پراجکٹ کی تعمیر وغیرہ کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔