حیدرآباد /30 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ اسمبلی میں چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ دہلی میں آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تشکیل کے معاملے میں آج ایک اہم مرحلہ طے ہوا اور تلنگانہ مسودہ بل پر اسمبلی کی بحث ختم ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ بل پر رائے دہی نہیں ہوئی، کیونکہ اسمبلی میں رائے دہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ارکان اسمبلی کو اپنی رائے پیش کرنے کے لئے بل کو روانہ کیا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا کے ارکان اسمبلی کو اپنی رائے پیش کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں پیدا کی گئی، بلکہ آزادانہ طورپر انھیں رائے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ قانونی اور دستوری امور کا جائزہ لینے کے بعد ہی بل کو اسمبلی روانہ کیا گیا تھا۔ گروپ آف منسٹرس کا اجلاس منعقد ہونے کے بعد تلنگانہ مسودہ بل پارلیمنٹ روانہ کیا جائے گا۔ تاہم جہاں تک بل میں ترمیم کا سوال ہے، گروپ آف منسٹرس اس کا جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ کرے گا۔ مسٹر ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ آج جن سیاسی جماعتوں نے تلنگانہ کی مخالفت کی ہے، وہ ماضی میں تلنگانہ کی تائید میں مکتوب پیش کرچکی ہیں۔ وہ جماعتیں اپنے موقف سے منحرف ہوچکی ہیں، جب کہ کانگریس پارٹی اپنے وعدہ پر قائم ہے۔