تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں این ٹی آر کی توہین کا الزام

این ٹی آر گھاٹ پر تلگودیشم قائد ایم نرسمہلو کی بھوک ہڑتال کا آغاز ، چندرا بابو کا اظہاریگانگت
حیدرآباد ۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر ایم نرسمہلو نے بانی تلگودیشم پارٹی آنجہانی این ٹی راما راؤ کی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج این ٹی آر گھاٹ کے پاس بطور احتجاج بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔ بھوک ہڑتال کیمپ پر پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مسٹر ایم نرسمہلو نے اظہارخیال کرتے ہوئے شمس آباد ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کرنے مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کے اعلان کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل میں مسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ٹی ہریش راؤ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کو انتہائی بدبختانہ قرار دیا اور اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کے سی آر کوئی پالیسی وغیرہ نہ رکھنے والے آدمی ہیں۔ مسٹر ایم نرسمہلو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ تلنگانہ علاقہ اور اس علاقہ کے عوام کے مسائل کو سمجھنے اور ان کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے والے ممتاز و نامور قائد مسٹر این ٹی آر تھے۔ انہوں نے آنجہانی این ٹی راما راؤ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ عوام کو آزادانہ موقف عطا کروانے والے اور ان کے وقار کو بڑھانے والے مسٹر این ٹی راما راؤ ہی تھے۔ علاوہ ازیں تلنگانہ ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کو حل کرنے اور تلنگانہ ملازمین کے ساتھ انصاف کرنے کیلئے جی او نمبر 610 جاری کرنے والے مسٹر این ٹی راما راؤ ہی تھے۔ مسٹر نرسمہلو نے کہا کہ تلنگانہ علاقہ سے پٹیل پٹواری نظام کو ختم کرنے والے مسٹر این ٹی راما راؤ ہی تھے اور ان تمام حقائق سے خود مسٹر کے چندرشیکھر راؤ چیف منسٹر تلنگانہ بخوبی واقف ہیں۔ اسی دوران صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر ایم نرسمہلو کی بھوک ہڑتال کی اطلاع پر آج فوری طور پر این ٹی آر گھاٹ پہنچے اور تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بانی تلگودیشم پارٹی سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی راما راؤ کی توہین کرنے کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کرنے والے مسٹر ایم نرسمہلو سے ملاقات کی اور اپنا اظہاریگانگت پیش کیا۔ اس موقع پر این ٹی آر گھاٹ پر نہ صرف تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں بلکہ عوام کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔