تلنگانہ فارمیسی رجسٹریشن کونسل کی عنقریب تشکیل

حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز) ریاست میں تلنگانہ فارمیسی رجسٹریشن کونسل کا بہت جلد قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس سے متعلق فائیل منظوری کے لئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ہاں روانہ کردی گئی ہے جبکہ یہ فائیل ایک طویل عرصہ سے عہدیداران متعلقہ کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے زیرالتواء پڑی رہنے کی اطلاعات ہیں۔ لہذا اب جیسے ہی چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ مذکورہ فائیل کی منظوری دیں گے۔ احکامات کی اجرائی کے ساتھ تلنگانہ فارمیسی رجسٹریشن کونسل کا قیام عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ تلنگانہ فارمیسی رجسٹریشن کونسل کے صدرنشین ڈائرکٹر، ریاستی محکمہ ڈرگ کنٹرولر ہوں گے۔ کونسل رجسٹرار کی حیثیت سے جوائنٹ ڈائرکٹر ڈرگ کنٹرولر کو مقرر کرنے کی تجویز رکھی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد فارمیسی رجسٹریشن کونسل امراوتی کو منتقل کردی گئی جس کی وجہ سے ریاست تلنگانہ کے طلباء اپنے فارمیسی سرٹیفکیٹس رجسٹریشن کروانے کے لئے امراوتی جانا پڑرہا تھا اور طلباء احتجاج کرنے کی تیاریاں کررہے تھے لیکن اسی دوران حالات کو دیکھتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں نے تلنگانہ فارمیسی رجسٹریشن کونسل کا ریاست میں قیام عمل میں لانے کے لئے عہدیداروں نے مختلف تجاویز کے ساتھ فائیل چیف منسٹر کو منظوری کے لئے روانہ کئے۔