فارم ہاوز واپسی یقینی۔ سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر نارائنا کا خطاب
حیدرآباد یکم دسمبر ( سیاست نیوز ) : قومی سی پی آئی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ انتخابات میں تلنگانہ عوام کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو مسترد کردیں گے ۔ جس کے بعد چندر شیکھر راؤ کو فارم ہاوز میں آرام کرنا پڑے گا ۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی میں تلگو دیشم امیدوار شریمتی ین سہاسنی کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا نے پیش قیاسی کی کہ 11 دسمبر کو نتائج کے بعد چندر شیکھر راؤ سیدھے فارم ہاوز کا رخ اختیار کرلیں گے اور وہیں پر کاشت شروع کریں گے کیوں کہ تلنگانہ عوام نے انہیں اقتدار سونپا تھا لیکن اقتدار کو نبھانے میں ناکام ثابت ہونے والے چندر شیکھر راؤ نے چالاکی کا مظاہرہ کر کے 9 ماہ قبل ہی اسمبلی کو تحلیل کردیا ۔ انہوں کہا کہ کے سی آر حکومت میں کرپشن عروج پر پہونچ گیا تھا ۔ سکریٹری سی پی آئی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت میں رافیل اسکینڈل پر ملک بھر میں ہنگامہ ہے ۔ ڈاکٹر نارائنا نے استفسار کیا کہ اس کے باوجود چندر شیکھر راؤ کے خاموشی اختیار کرنے کے محرکات کیا ہیں ۔ انہوں نے ٹی راما راؤ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شریمتی ین سہاسنی کس حلقہ سے انتخاب میں حصہ لینے پر کے ٹی آر کو دلچسپی کیا ہے ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا کے ٹی آر اس حقیقت سے واقف نہیں ہے کہ کوئی بھی فرد ملک میں کسی بھی مقام سے انتخاب لڑسکتا ہے ؟ ۔ انہوں کہا کہ حلقہ کوکٹ پلی سے تلگو دیشم امیدوار شریمتی ین سہاسنی مقابلہ کرنے سے کے سی آر اور کے ٹی آر کو ڈر و خوف کیوں لاحق ہوچکا ہے ۔ انہوں نے ین سہاسنی کو کامیاب بنانے کانگریس ، بائیں بازو جماعتوں ، تلگو دیشم کے علاوہ عوام سے اپیل کی۔ کے چندر شیکھر راؤ کی بھتیجی و کانگریس ترجمان شریمتی رمیا راؤ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ شریمتی ین سہاسنی کے تعلق سے کسی بھی نوعیت کی لب کشائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چندرا بابو نائیڈو 4 ڈسمبر تک انتخابی مہم میں حصہ لیں گے
حیدرآباد یکم دسمبر ( سیاست نیوز ) صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو 4 دسمبر تک گریٹر حیدرآباد اور اضلاع میں مہا کوٹمی اور تلگو دیشم امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ نائیڈو گریٹر حیدرآباد و اضلاع کے چند حلقوں میں انتخابی مہم میں حصہ لینے آج حیدرآباد پہونچے تھے ۔ راجندر نگر تلگو دیشم امیدوار مسٹر گنیش گپتا اور کوکٹ پلی کی تلگو دیشم امیدوار این سہاسنی کی تائید میں کارنر میٹنگس سے خطاب کے علاوہ روڈ شوز میں حصہ لیا ۔ کل 2 دسمبر کو چندرا بابو نائیڈو حلقہ ملک پیٹ ، ابراہیم پٹنم اور ایل بی نگر حلقوں میں تلگو دیشم امیدواروں مظفر علی خاں ، ایس رنگاریڈی اور سدھیر ریڈی کانگریس کی مہم میں حصہ لیں گے ۔