تمام امور کی تکمیل میں حج کمیٹی عملہ کی عازمین کو رہنمائی ۔ عمر جلیل ‘ اے کے خان و ایس اے شکور نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔/23اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ عازمین حج کے مزید 2 قافلے حج بیت اللہ کی سعادت کیلئے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں سے آج سعودی عرب روانہ ہوئے۔ عازمین حج کی بروقت رپورٹنگ کے سبب ایر انڈیا نے مقررہ وقت سے پہلے ہی دونوں اُڑانیں بھری۔ آج کا پہلا قافلہ صبح 9:10 بجے پرواز کرنے والا تھا لیکن وہ نصف گھنٹہ قبل ہی روانہ ہوا جبکہ دوسری پرواز دوپہر 2بجکر 10منٹ پر تھی تاہم وہ 15 منٹ قبل ہی روانہ ہوئی۔ اس طرح قافلوں کی روانگی کے آغاز سے اب تک جملہ 5 قافلے مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوچکے ہیں جن میں جملہ 1968 عازمین حج روانہ ہوئے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے روانہ ہونے والے تمام عازمین بحالت احرام روانہ ہوئے۔ پہلے قافلہ کو صبح کی اولین ساعتوں میں حج ہاوز سے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے وداع کیا جبکہ دوسرے قافلہ کو ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالقیوم خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے جھنڈی دکھائی۔ حج ہاوز سے تلنگانہ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا تھا اور حج کمیٹی کے عہدیداروں نے تمام ضروری اُمور کی تکمیل میں عازمین حج کی رہنمائی کی۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالقیوم خاں نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی حاضری یقیناً ہر مسلمان کی عین خواہش ہوتی ہے اور عازمین حج خوش قسمت ہیں کہ انہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حاضری نصیب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت کیلئے منتخب ہونا اپنے میں ایک اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ سفر مقدس کے دوران اپنی صحت کا خیال رکھیں تاکہ ارکان حج کی ادائیگی اور عبادات کے اہتمام میں کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو غذا اور مشروبات کا استعمال کم کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامات مقدسہ دعاؤں اور عبادات کی قبولیت کے مقام ہیں لہذا عازمین حج کو ملک اور ریاست کی ترقی، خوشحالی اور امن امان کیلئے دعا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سفر حج میں مشقتوں کیلئے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ مناسک حج کے دوران معلم کی ہدایات پر عمل کریں اور صبر و سکون کے ساتھ مقررہ فرائض کو انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کرنا چاہیئے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج کمیٹی عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ انتظامات میں حیدرآباد کو ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ ہر 200 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جارہا ہے جو سعودی عرب میں قیام اور سفر کے دوران رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے سم کارڈ کی اجرائی کے تبدیل شدہ رولس سے واقف کرایا اور کہا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد عازمین حج کو سم کارڈ دیا جائے گا۔ مولانا سید قبول پاشاہ شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن نے عازمین حج کو مخاطب کرتے ہوئے ایام حج اور سفر حج کے دوران درپیش مسائل پر رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہر لمحہ عبادت اور دعاؤں کی قبولیت کے مقامات ہیں لہذا عازمین کو غیر ضروری سرگرمیوں کے بجائے اپنا وقت عبادتوں میں صرف کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں آداب حاضری کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے۔ عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے موقع پر حج ہاوز میں رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے اپنے قریبی افراد کو بادیدہ نم وداع کیا اور ان سے دعاؤں کی درخواست کی۔ تلبیہہ کی گونج میں آر ٹی سی کی بسیں شمس آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ روانہ ہوئیں جہاں حج ٹرمنل سے گذر کر عازمین حج ایر انڈیا کی فلائیٹ تک پہنچے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے طیارہ تک پہنچ کر عازمین کو وداع کیا اور قافلہ کی روانگی تک تمام انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کی۔