تلنگانہ سے وزیراعظم کوٹہ اور ویٹنگ لسٹ کے تحت 32 عازمین حج کا انتخاب

اے پی سے 27 عازمین منتخب ، 3 اگست تک رقم جمع کروادیں، پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

حیدرآباد۔ 23 جولائی (پریس نوٹ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ایک پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ حج 2015ء کے لئے وزیراعظم کے اختیار تمیزی کے تحت جملہ 75 نشستوں کو منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بعض ریاستوں سے 180 منسوخ کردہ نشستیں مہیا ہوئی ہیں۔ اس طرح جو 255 نشستیں دستیاب ہوئی ہیں جن کو ملک کی تمام ریاستوں میں وہاں کی مسلم آبادی کے تناسب سے تقسیم کردیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کے حصہ میں 32 اور ریاست آندھرا پردیش کے حصہ میں 27 نشستیں آئی ہیں۔ اس طرح مرکزی حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے تحت ریاست تلنگانہ سے مزید 32 عازمین حج کے انتخاب کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ریاست تلنگانہ سے منتخب ہونے والے عازمین کی تعداد جملہ 325 تک پہنچ چکی ہے۔

ریاست آندھرا پردیش سے ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب جملہ عازمین کی تعداد آندھرا پردیش میں 311 تک پہنچ گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ریاست تلنگانہ میں ویٹنگ لسٹ نمبر 325 تک کے درخواست گذاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ جلد از جلد درخواست فارم میں درج کردہ زمرہ کے مطابق حج مصارف کی جملہ رقم 3 اگست سے قبل جمع کروانی ہوگی۔ گرین زمرہ کے تحت حج مصارف کی جملہ رقم 212,850 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کے تحت جملہ رقم 181,100 روپئے ہوتی ہے۔ ان عازمین کے بینک ریفرنس نمبر الاٹ کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے ان عازمین سے یہ خواہش بھی کی ہے کہ وہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ، ایک عدد کلر فوٹو کیساتھ رقم کی ادائیگی کے چالان کی ایک کاپی دفتر ریاستی حج کمیٹی میں جمع کروادیں۔ تفصیلات کیلئے دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد فون نمبر 040-23236310 پر ربط پیدا کریں۔