حیدرآباد 2 اگسٹ ( آئی این این ) سینئر ٹی آر ایس لیڈر و ایم ایل سی بی وینکٹیشورلو نے آج کہا کہ بی جے پی اگر ٹی آر ایس کی مخالفت جاری رکھے گی تو تلنگانہ میں اس کا صفایا ہوجائیگا ۔ ٹی آر ایس مقننہ پارٹی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکٹیشورلو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مسلسل تلنگانہ حکومت کو میونسپل ملازمین کے مسئلہ پر نشانہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی ملازمین سے ہمدردی جتا کر فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی مستحکم نہیں ہے اور وہ تلگودیشم کی مدد سے باقی رہنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کا مرکز میں بھی کوئی وزن نہیں ہے ۔ اگر ریاستی یونٹ کی کچھ اہمیت ہے تو اسے چاہئے کہ وہ مرکز پر ریاستی ہائیکورٹ کی تقسیم کیلئے دباؤ ڈالے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ریاست میں کے سی آر حکومت کی کارکردگی کی کئی سینئر بی جے پی قائدین نے ستائش کی ہے ۔
چندر شیکھر راؤ کا
اجین مہانکالی مندر کا دورہ
حیدرآباد 2 اگسٹ ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکندرآباد بونال تہوار کے موقع پر آج اجین مہانکالی مندر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ان کی شریک حیات بھی ساتھ تھیں۔ انہوں نے صبح میں مندر کا دورہ کیا اور یہاں پوجا کی ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مندر میں ریاست کی خوشحالی اور عوام کی صحت کیلئے دعا کی ہے ۔ انہوں نے مندر میں ریاست میں مناسب بارش اور اچھی فصل کیلئے بھی دعا کی ۔ مندر میں آمد کے موقع پر مندر کمیٹی کے ارکان نے ان کا استقبال کیا ۔ قبل ازیں ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر کمرشیل ٹیکسیس ٹی سرینواس یادو نے بھی مندر کا دورہ کیا ۔