تلنگانہ سروے پر گورنر نرسمہن کی دہلی میں راج ناتھ سنگھ سے بات چیت

نئی دہلی۔/20اگسٹ، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں کئے گئے جامع گھریلو سروے پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج نئی دہلی پہنچ کر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کی صورتحال سے واقف کروایا۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ نرسمہن نے راج ناتھ سنگھ کو تلنگانہ میں امن و قانون کی صورتحال اور نئی ریاست میں آباد تخمیناً 84لاکھ خاندانوں کے بارے میں گذشتہ روز کئے گئے جامع گھریلو سروے پر عوام میں پیدا شدہ اندیشوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے باخبر کیا۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ مرکز اس مسئلہ سے باخبر ہے اور سروے کے انعقاد سے پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ اس ( سروے ) سے سیما آندھرا نژاد عوام میں شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ مرکزی حکومت توقع کرتی ہے کہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میں جہاں زبردست ( علاقائی؍ سیاسی) کشیدگی ہے صورتحال پرسکون ہوجائے گی اور کوئی پرتشدد واقعہ پیش نہیں آئے گا۔ لیکن اگر ضرورت ہو تو مرکز مداخلت بھی کرسکتا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ مسٹر نرسمہن اور مسٹر راج ناتھ سنگھ نے 20منٹ کی ملاقات کے دوران حیدرآباد میں امن و قانون کی صورتحال پر گورنر کو دیئے جانے والے خصوصی اختیارات سے متعلق مرکزی حکومت کے احکام کو قبول کرنے سے حکومت تلنگانہ کے انکار کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم گورنر اور مرکزی وزیر داخلہ نے ان مسائل پر مرکز اور حکومت تلنگانہ کے درمیان کسی تصادم سے گریز کے راستوں پر بھی غور وخوض کیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں امن و قانون کی صورتحال پر گورنر کو خصوصی اختیارات کی فراہمی سے متعلق مرکزی حکومت کے احکامات کو ’ فاشسٹ ‘ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کیا تھا جس میں ان احکام کو کالعدم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات متوقع
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن تین روزہ دورہ پر آج نئی دہلی پہنچ گئے۔ دہلی میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران وہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر مرکزی وزراء سے ملاقات کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ مرکز کو دونوں ریاستوں کی کارکردگی پر رپورٹ پیش کریں گے۔ دونوں ریاستوں کے درمیان مختلف مسائل پر جاری تنازعات کی یکسوئی کیلئے ان کی جانب سے شروع کی گئی مساعی اور اس کے نتائج سے بھی مرکز کو واقف کرایا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دونوں ریاستوں کے مشترکہ گورنر کی حیثیت سے نرسمہن مرکز کو رپورٹ پیش کریں گے ۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے مشترکہ گورنر کی حیثیت سے تقرر کے بعد ای ایس ایل نرسمہن کا نئی دہلی یہ دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے چیف منسٹرس کے درمیان ملاقات اور مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں کی گئی پیشرفت کی تفصیلات سے بھی راج ناتھ سنگھ کو واقف کرایا گیا ۔ نرسمہن نے کہا کہ وہ وزیراعظم اور صدر جمہوریہ سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ ترین صورتحال سے واقف کرائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ریاستوں میں اچھی بارش ہوگی اور کسی بھی ریاست کو خشک سالی کی صورتحال کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر بارش کے بعد برقی اور زرعی شعبہ کے مسائل میں کمی واقع ہوگی۔ گورنر نے حیدرآباد کے لاء اینڈ آرڈر پر انہیں زائد اختیارات کے سلسلہ میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔