سابق سنٹرل ویجیلنس کمشنر پرتیوش سنہا صدر نشین ہونگے ۔ کیڈر کی تعداد اور زمرہ بندی پر تین ہفتوں میں فیصلہ متوقع
نئی دہلی ۔ یکم اپریل ( پی ٹی آئی ) سابق سنٹرل ویجیلنس کمشنر پرتیوش سنہا کل ہند سروسیس کے عہدیداروں کے نئی تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کو الاٹمنٹ کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کے سربراہ ہونگے ۔ یہ کمیٹی تمام تینوں کل ہند سروسیس جیسے آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس اور آئی ایف ایس کے عہدیداروں کی دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کیلئے تعداد کا تعین کرنے کا بھی جائزہ لے گی ۔ وزارت پرسونل کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اس کمیٹی میں مسٹر سنہا کے علاوہ آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری ‘ اسپیشل سکریٹری ( داخلی سلامتی ) وزارت داخلہ اور انسپکٹر جنرل ( جنگلات ) ارکان کے طور پر شامل رہیں گے ۔ ایک اڈیشنل سکریٹری ( سرویس اینڈ ویجیلنس ) محکمہ پرسونل و ٹریننگ کو کمیٹی کا رکن سکریٹری نامزد کیا گیا ہے ۔ مسٹر پرتیوش سنہا 1969 بیاچ کے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار ہیں ۔یہ کمیٹی آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس اور آئی ایف ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ اور ان کی تقسیم کیلئے ایک بامقصد اور شفاف فارمولا تیار کریگی اور موجودہ کیڈر کو دو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں تقسیم کرنے کے تعلق سے اندرون تین ہفتے فیصلہ کرسکتی ہے ۔ کمیٹی کے جو شرائط و ضوابط تیار کئے گئے ہیں ان میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ تلنگانہ ملک کی 29 ویں ریاست ہوگی اور یہ 2 جون کو وجود میں آجائیگی ۔ مرکزی حکومت اس سلسلہ میں پہلے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے گزٹ اعلامیہ جاری کرچکی ہے اور تشکیل تلنگانہ کے بل کو پارلیمنٹ میں منظوری بھی مل چکی ہے ۔ فی الحال آندھرا پردیش میں 284 آئی اے ایس ‘ 209 آئی پی ایس اور 136 آئی ایف ایس عہدیدار کام کر رہے ہیں۔ یہ مرکزی حکومت کے فراہم کردہ اعداد و شمار ہیں۔ آندھرا پردیش کیلئے جملہ آئی ایس عہدیداروں کی درکار تعداد 376 اور آئی پی ایس عہدیداروں کی درکار تعداد 258 ہے ۔ یہ کمیٹی دونوں ریاستوں کیلئے آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس اور آئی ایف ایس عہدیداروں کی درکار تعداد راست تقررات اور ترقی کے کوٹہ کے علاوہ غیر محفوظ ‘ او بی سی ‘ درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے علاوہ مقامی اور غیر مقامی عہدیداروں کی تعداد کا بھی تعین کریگی ۔ یہ کمیٹی درکار تعداد اور ان کے اصول و ضوابط پر مختلف گوشوں سے نمائندگیاں بھی وصول کریگی ۔ تینوں آل انڈیا خدمات سے متعلق تفصیلات ایک ہفتے کیلئے ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی اس کے بعد تمام امور کے تعلق سے مرکزی حکومت کو سفارش پیش کی جائیگی ۔ یہ سفارشات ویب سائیٹ پر تفصیل پیش کرنے کے اندرون ایک ہفتہ پیش کی جاسکتی ہیں۔ یہ کمیٹی عہدیداروں سے بھی نمائندگیاں وصول کریگی تاکہ تمام کے ساتھ مساوی اور واجبی سلوک کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پہلے ہی ریاستی سطح کے عہدیداروں کے نئی ریاست تلنگانہ کو الاٹمنٹ کیلئے چھ رکنی کمیٹی سابق آئی اے ایس عہدیدار مسٹر کملاناتھن کی قیادت میں تشکیل دی جاچکی ہے ۔