تلنگانہ ریاست کا یوم تاسیس 2 جون

نئی دہلی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ جو ملک کی 29 ویں ریاست بنی ہے، 2 جون کو اِس کا یوم تاسیس رہے گا اور اُسی روز سے علیحدہ ریاست اپنا کام کاج شروع کرے گی۔ ترجمان وزارت داخلہ نے آج رات کہاکہ نئی ریاست کا یوم تاسیس 2 جون ہوگا جب تلنگانہ وجود میں آئے گی اور علیحدہ ریاست کے طور پر کام کاج شروع کرے گی۔ مرکزی حکومت پہلے ہی ملک کی 29 ویں ریاست کی تشکیل کے بارے میں گزٹ اعلامیہ جاری کرچکی ہے۔ یہ اقدام پارلیمنٹ کی جانب سے آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے 20 فروری کو منظوری کے بعد کیا گیا تھا۔ یوم تاسیس کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے شیڈول کے مجوزہ اعلان سے ایک روز قبل سامنے آیا ہے۔ الیکشن کمیشن ہوسکتا ہے تلنگانہ اور مابقی آندھراپردیش میں اسمبلی انتخابات کے لئے علیحدہ شیڈول کا اعلان کرے گا۔

حیدرآباد یہ دونوں ریاستوں کا 10 سال کے لئے مشترکہ دارالحکومت ہوگا۔ مرکزی کابینہ میں اتوار کو مابقی ریاست سیما آندھرا کو 5 سال کے لئے خصوصی زمرہ کا موقف عطا کرنے کی تجویز کو اپنی منظوری دی تھی۔ مابقی ریاست کے لئے مرکزی حکومت کی تجاویز میں سیما آندھرا کے لئے 6 نکاتی ترقیاتی پیاکیج شامل ہے جیسے ٹیکس ترغیبات اور دیگر رعایتیں۔ مرکز نے آندھراپردیش میں چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے استعفے کے بعد صدر راج کا نفاذ بھی کیا ہے۔ دریں اثناء نہایت معتبر ذرائع کے بموجب آنے والے لوک سبھا الیکشن کے ساتھ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے بشمول دونوں علاقوں میں بھی اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے۔