تلنگانہ ریاست میں کئی مسلم کانگریس قائدین انتخابی مقابلہ کے خواہاں

عابد رسول خاں ‘ طاہر بن ہمدان ‘ فیروز خان ‘ رضی الدین احمد ‘ خلیق الرحمن‘ مقصود احمد ‘ عبیداللہ کوتوال و یوسف ہاشمی سرگرم

حیدرآباد /18 مارچ (سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کانگریس کے کئی مسلم قائدین انتخابی مقابلہ میں اپنی قسمت آزمانے کانگریس ہائی کمان سے رجوع ہو رہے ہیں اور ٹکٹ کے حصول کیلئے مختلف سینئر قائدین سے سفارش کروا رہے ہیں۔ علاقہ تلنگانہ میں حیدرآباد کے علاوہ کئی اضلاع سے مسلم امیدواروں کی کامیابی کے امکانات ہیں۔ صدر نشین ریاستی اقلیتی کمیشن عابد رسول خاں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد یا حلقہ اسمبلی مشیر آباد سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے ہائی کمان سے خواہش کی ہے کہ اگر موجودہ رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کو کسی دوسرے حلقہ سے امیدوار بنانے پر غور کیا جا رہا ہے تو اس صورت میں انھیں لوک سبھا کا ٹکٹ دیا جائے اور اگر موجودہ رکن پارلیمنٹ کو ہی ٹکٹ دیا جا رہا ہے تو انھیں حلقہ اسمبلی مشیرآباد سے ٹکٹ دیا جائے، جہاں مسلم اور عیسائی ووٹ کثیر تعداد میں ہیں۔ اسمبلی حلقہ کاما ریڈی سے سابق وزیر و ایم ایل سی محمد علی شبیر کے فرزند محمد الیاس کو امیدوار بنانے کانگریس جائزہ لے رہی ہے، جبکہ محمد الیاس اپنے حلقہ میں کافی سرگرم ہیں۔ نظام آباد کے دیہی اور شہری کسی ایک حلقہ سے نظام آباد کانگریس کمیٹی کے صدر طاہر بن ہمدان ٹکٹ کے دعویداروں میں شامل ہیں، جبکہ ضلع کے سینئر قائدین سے ان کے اچھے روابط ہیں۔ اسمبلی حلقہ ہنمکنڈہ (ضلع ورنگل) سے سابق صدر پردیش کانگریس کمال الدین احمد کے فرزند رضی الدین احمد ٹکٹ کے دعویدار ہیں ۔

حلقہ اسمبلی کاغذ نگر (ضلع عادل آباد) سے سابق ایم ایل سی سلطان احمد کے فرزند ذوالفقار احمد مقابلہ کرنے کے خواہش مند ہیں۔ حلقہ اسمبلی محبوب نگر کے مسلم قائدین بھی ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائد خلیق الرحمن حلقہ لوک سبھا محبوب نگر یا اسمبلی کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ صدر ضلع کانگریس محبوب نگر عبید اللہ کوتوال بھی ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ ٹی آر ایس کی جانب سے سید ابراہیم کو ٹکٹ دینے سے انکار پر کانگریس کی فہرست میں ان کا نام بھی زیر غور ہے۔ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو ( میدک) سے سکریٹری پردیش کانگریس عبد الغنی ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ شہر حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی نامپلی سے محمد فیروز خاں ٹکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ 2009 کے عام انتخابات میں دوسرے نمبر پر رہنے والے فیروز خان اپنے حلقہ میں کام کر رہے ہیں۔ صدر نشین سٹ ون محمد مقصود احمد حلقہ اسمبلی ملک پیٹ یا حلقہ اسمبلی راجندر نگر کیلئے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند ہیں۔ سکریٹری پردیش کانگریس جابر پٹیل حلقہ اسمبلی مشیر آباد یا راجندر نگر، کسی ایک حلقہ سے ٹکٹ حاصل کرنے پارٹی پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ سکریٹری پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی پرانے شہر کے حلقہ اسمبلی بہادر پورہ سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ کانگریس قائد عتیق الرحمن خرم حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری سید عظمت اللہ حسینی حلقہ اسمبلی سرسلہ ( کریم نگر) سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے کمشنر پیر ارشاد احمد ناصر حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ واضح رہے کہ ٹکٹ کے خواہش مند چند کانگریس قائدین دہلی پہنچ کر ہائی کمان سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں، جب کہ چند قائدین ریاست کے سینئر قائدین کے ذریعہ اپنے ناموں کی سفارش کروا رہے ہیں۔