تلنگانہ ریاست میں عام آدمی پارٹی انقلاب برپا کرے گی

بدعنوانی ، حق تلفی اور نا انصافیوں کا صفایا کرنا اصل مقصد ، ڈاکٹر لبنیٰ ثروت حیدرآباد ایم پی امیدوار کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔18اپریل(سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی ریاست سے بدعنوانی ‘ رشوت خوری ‘ حق تلفی ‘ ناانصافیوں کا صفایا کرنے کی پابند ہے اور عام آدمی پارٹی کے قیام کا مقصد ہی عام شہر ی کی نمائندگی کو استحکام پہنچانا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے پارلیمانی حلقہ حیدرآباد کی امیدوار ڈاکٹر لبنیٰ ثروت کے ہمراہ میر محمد علی عرف خالد (اسمبلی حلقہ چارمینار) ‘ محترمہ اسماء شہناز (یاقوت پورہ)‘ محمد افضل (کاروان) ‘محترمہ شیخ نسیم بیگم (بہادر پورہ)‘ جی سریدھر (ملک پیٹ )سے عام آدمی پارٹی امیدواروں نے پارٹی کے دفتر واقع خواجہ کاچھلہ مغل پورہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔عام آدمی پارٹی کے تمام امیدواروں نے شہر کی ترقی اور عام شہریوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات کے متعلق نمائندگی میںمتعلقہ عوامی نمائندوں کو ناکام قراردیتے ہوئے کہاکہ نمائندگی کا فقدان شہریوں کی پریشانیوں میںاضافہ کا سبب بنا ہوا ہے ۔ عام آدمی پارٹی امیدواروں نے پانچ سو روپئے کی رشوت کے عوض سفید راشن راڈ فراہم کرنے کا درمیانی آدمیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جبکہ آبادی کی اکثریت غریب اور متوسط طبقات پر مشتمل ہے جن کے لئے پانچ سو روپئے کی رقم بہت بڑی ہوتی ہے ۔عام آدمی پارٹی امیدواروں نے یہ بھی کہاکہ جس کے پاس پانچ سو روپئے ہیںوہی سفید راشن کارڈ حاصل کرنے میںکامیاب ہوتے ہیں اور حقیقی طور پر غریب لوگ سفید راشن کارڈ کی سہولت سے صرف اس لئے محروم ہوجاتے ہیں کہ ان کے پاس رشو ت کے پانچ سو روپئے کی خطیر رقم موجود نہیںہے اس کے علاوہ سیول سپلائی شاپس پر تاخیر سے راشن کی سپلائی کو بھی سیول سپلائی عہدیداروں ‘ راشن شاپ اونرس اور دلالوں کے درمیا ن کی ساز باز قراردیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدواروں نے کہا کہ تاخیر سے راشن کی سپلائی غریب عوام کو راشن سے محروم رکھنے کی سازش کا حصہ ہے ۔

عام آدمی پارٹی نے ترقی کے نام پر پراجکٹوں کے آغاز اور ان کی تکمیل میں تاخیر کے علاوہ دوہزار کروڑ روپئوں کے بجٹ کے ذریعہ شہر کو ترقی دینے کے تمام دعوئوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ آر ٹی آئی کے تحت ایک درخواست محکمہ بلدیہ میںہونے والی دھاندلیو ں کو منظرعام پر لانے کے لئے کافی ہے عام آدمی پارٹی کے امیدواروں نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا کہ محکمہ بلدیہ میںپیش آئے دھاندلیو ں کی ایماندارانہ تحقیقات کی جائے تو ریاست میں پیش آئے بدعنوانیوںمیں یہ بھی ایک بڑا اسکام ثابت ہوگا۔ عام آدمی پارٹی امیدواروں حیدرآباد کے تمام بلدی حلقوں میں بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی پر بھی سوال اٹھایا اور کہاکہ یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ میں سات وارڈ ہیں جس میںصرف دو میںہی پرائمری ہلت سنٹر قائم کئے گئے جبکہ دیگر پانچ وارڈ پرائمری سنٹر کی سہولت سے محروم ہیں۔ مذکورہ امیدواروں نے کہاکہ ریاست آندھرا پردیش میں عام آدمی پارٹی بدعنوانیوں کے خلاف پہلی سیڑھی پر ہے اور مجوزہ انتخابات کے نتائج تلنگانہ ریاست میںانقلاب برپا کرنے کے لئے کافی ہونگے اس سے قبل عام آدمی پارٹی کی قومی کمیٹی کے رکن عادل محمد نے تمام امیدواروں کا تعارف کرواتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے انتخابات میںحصہ لینے کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں تمام امیدواروں نے پارٹی دفتر سے مغل پورہ پانی کی ٹانکی تک سڑک کی صفائی کرتے ہوئے حیدرآباد سے بدعنوانیوں کے خاتمہ کا عہد کیا۔