ٹی آر ایس ارکان کا چیف منسٹر سے موقع دئے جانے پر اظہار تشکر
حیدرآباد۔/28 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے راجیہ سبھا کے ارکان نے آج نئی دہلی میں رکنیت کا حلف لیا۔ ٹی آر ایس سے منتخب ڈی سرینواس اور کیپٹن لکشمی کانت راؤ نے راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا اور نائب صدر نشین حامد انصاری نے ان ارکان کو حلف دلایا۔ اس موقع پر نائب صدرنشین راجیہ سبھا پی جے کورین اور ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سرینواس اور کیپٹن لکشمی کانت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں جو ذمہ داری دی ہے وہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے تلنگانہ کیلئے زائد امداد کے حصول کی کوشش کی جائیگی۔ اس کے علاوہ ریاست سے متعلق درپیش مسائل کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ ڈی سرینواس نے کہا کہ وہ نئی دہلی میں اپنے روابط اور تعلقات کا بہتر طور پر استعمال کرتے ہوئے مرکز سے تلنگانہ کو زائد امداد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے کے سی آر نے جو موقع دیا ہے اس کیلئے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کے علاوہ راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے خواب کی تکمیل کیلئے وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے منصوبہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ملک کی کوئی اور ریاست اس طرح کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے مختلف ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے متاثر ہوکر وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔ کیپٹن لکشمی کانت راؤ نے چیف منسٹر سے دیرینہ رفاقت کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ تلنگانہ تحریک کے ابتدائی ساتھیوں میں ہیں اور چیف منسٹر نے انہیں راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرتے ہوئے بھاری ذمہ داری سونپی ہے جسے وہ حتی المقدور نبھانے کی کوشش کریں گے۔