تلنگانہ خوشی سے جھوم اُٹھا

حیدرآباد۔ 20 فروری (سیاست نیوز) آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کی راجیہ سبھا میں منظوری کے ساتھ ہی سارا تلنگانہ خوشی سے جھوم اُٹھا۔ تلنگانہ کے حامی عوام سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی کے عالم میں رقص کرنے لگے۔ وہ آتش بازی کا مظاہرہ اور ایک دوسرے پر گلال پھینک رہے تھے۔ عوام میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ کے دیگر اضلاع ورنگل، کریم نگر اور میدک میں کئی مقامات پر عوامی جشن منایا گیا۔ عوام کی کثیر تعداد نے تلنگانہ شہیدان یادگار پہنچ کر خراج پیش کیا۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے کارکنوں نے پارٹی آفس تلنگانہ بھون کے روبرو آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں ٹی آر ایس کا کلیدی رول رہا اور وہ اس تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں پیش پیش رہی۔ آج راجیہ سبھا میں تلنگانہ بل کی منظوری کے ساتھ ہی ملک میں 29 ویں ریاست کا قیام یقینی ہوگیا ہے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک تقریباً 60 سال قدیم ہے اور اس طویل سفر کے دوران کئی نشیب و فراز دیکھنے میں آئے۔ تلنگانہ عوام کا یہ موقف رہا کہ یہاں کے وسائل پر آندھرا کے عوام نے قبضہ کرلیا ہے اور روزگار کے مواقع سے انہیں محروم کردیا گیا۔ پانی کی تقسیم اور دیگر شعبوں میں علاقہ تلنگانہ کیساتھ ناانصافیاں کی گئیں۔ آج بی جے پی کی تائید کے بعد راجیہ سبھا میں تلنگانہ بل کی منظوری کیساتھ ہی طویل تجسس و غیریقینی کیفیت ختم ہوئی۔