حکومت کے چھ مشیروں کی تنخواہوں کا بھی اعلان، پرنسپل سکریٹری اجئے مشرا کے احکامات
حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے نئی دہلی میں حکومت کے دو خصوصی نمائندوں کا تقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری حکومت اجئے مشرا نے احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری اور ٹی رامچندروڈو کو نئی دہلی میں تلنگانہ حکومت کے خصوصی نمائندوں کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس عہدہ پر ایک سال کی مدت کیلئے برقرار رہیں گے۔ جی او کے مطابق حکومت کے خصوصی نمائندوں کو ماہانہ 14ہزار روپئے بطور تنخواہ کے علاوہ خصوصی الاؤنس 8ہزار، ضیافت الاؤنس 7ہزار، مکان کرایہ 50ہزار، سواری خرچ 30ہزار اور فیول چارجس 15ہزار روپئے ادا کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ آل انڈیا سرویسس کے عہدیداروں اور وزراء کے مطابق میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کی بھی سہولت ہوگی۔ محکمہ جی اے ڈی کی جانب سے ہر خصوصی نمائندہ کو ایک پرسنل سکریٹری، ایک ڈی ای او، دو آفس سب آرڈینیٹ اور ڈرائیور معہ کار کی سہولت ہوگی۔ جی اے ڈی کی جانب سے قیامگاہ پر ایک فون اور ایک سیل فون فراہم کیا جائے گا۔اسی دوران حکومت نے ایک اور جی او جاری کرتے ہوئے ایک سال کی مدت کیلئے حکومت کے مقرر کردہ چھ مشیروں کیلئے بھی تنخواہ اور الاؤنسیس کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے مشیروں آر ودیا ساگر راؤ، اے کے گوئل، اے رام لکشمن، بی وی پاپا راؤ، کے وی رمنا چاری اور جی آر ریڈی کی مدت ایک سال ہوگی، انہیں بھی نئی دہلی میں مقرر کردہ حکومت کے خصوصی نمائندوں کے مطابق ہی تنخواہ اور الاؤنسیس و دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔