تلنگانہ حکومت کی محکمہ برقی کو ہدایت بے اثر

حج ہاوز میں برقی ٹرانسفارمرس سے برقی سربراہی منقطع ، محکمہ برقی کی تساہلی آشکار
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو موثر انتظامات کی ہدایت دی لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ برقی کے عہدیداروں پر حکومت کی ہدایات کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ 15ستمبر کو شدید بارش کے دوران پیش آئے شارٹ سرکٹ کے واقعہ کے بعد محکمہ برقی نے حج ہاوز کیلئے فراہم کئے گئے زائد ٹرانسفارمر سے برقی کی سربراہی منقطع کردی جس کے باعث حج کمیٹی کو کیمپ میں برقی کی بحالی کیلئے جنریٹر کا استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ محکمہ برقی اور خاص طور پر تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے عہدیداروں کا اس طرح کا تساہل ناقابل فہم ہے۔ جس دن چیف منسٹر نے حج کیمپ کا دورہ کیا اس کے فوری بعد عہدیداروں نے حج کیمپ کیلئے برقی کی سربراہی منقطع کردی۔ حج کمیٹی کی بارہا توجہ دلانے کے باوجود برقی حکام کسی نہ کسی بہانے مسئلہ کو ٹال رہے ہیں۔ حج کمیٹی روزانہ 8ہزار روپئے کا ڈیزل استعمال کرتے ہوئے اپنا جنریٹر چلانے پر مجبور ہے ورنہ حج کیمپ کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب جائے گا۔ پیر کے دن پیش آئے واقعہ کو بنیاد بناکر حج کیمپ کے ساتھ برقی عہدیداروں کا یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت کو فوری اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال حج کیمپ کیلئے محکمہ برقی کی جانب سے زائد ٹرانسفارمر کا انتظام کیا جاتا ہے جو حج ہاوز کے باہری حصہ میں کیمپ اور سیلر اور دیگر حصوں میں سربراہی کیلئے ضروری ہے۔ شارٹ سرکٹ کے واقعہ کا بہانہ بناکر پہلے دن تو عہدیداروں نے کنکشن کی جانچ کے نام پر ٹرانسفارمر سے برقی کی سربراہی منقطع کردی لیکن دوسرے دن انہوں نے سربراہی بحال نہیں کی جس کے باعث حج کمیٹی کو اپنا جنریٹر استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس پر روزانہ 8000 سے زائد کا خرچ ہے۔ اگر جنریٹر میں کچھ خرابی آجائے تو حج ہاوز اور اطراف کا نصف علاقہ تاریکی میں ڈوب جائے گا۔ جن علاقوں میں زائد ٹرانسفارمر سے سربراہی جاری تھی ان میں عازمین حج کیلئے سعودی ایرلائنز، کسٹمس، ایمیگریشن اور دیگر سہولتوں کے علاوہ طعام کے انتظامات کا حصہ اور عازمین کی روانگی کا مقام شامل ہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کے واقعہ سے حج ہاوز کے برقی کنکشن کا کوئی تعلق نہیں اور غیر مجاز اسٹال ہولڈرس راست طور پر برقی حاصل کررہے تھے لیکن اس کے بہانے حج کیمپ کو برقی کی سربراہی منقطع کرنا ناقابل فہم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے حج کیمپ کے باب الداخلہ پر واقع خیرمقدمی کمان پر نصب کردہ لائٹس اور دیگر اضافی روشنی کے انتظام کو پہلے ہی مسدود کردیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم جو محکمہ برقی میں بھی اہم عہدہ پر فائز ہیں انہوں نے اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کی توجہ مبذول کرائی تاہم تین دن گزرنے کے باوجود ٹرانسفارمر سے کنکشن بحال نہیں کیا گیا۔