تلنگانہ حکومت کی بڑھتی مقبولیت سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار

فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے سلسلہ میں الزام تراشی بے بنیاد ۔ وزیر تعلیم کا بیان
حیدرآباد۔/9ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی اور غریب خاندانوں کی بھلائی میں مصروف حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدیں افسوسناک ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت کی عوام میں بڑھتی مقبولیت سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں الزام تراشی سے کام لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ تعمیری تجاویز پیش کریں برخلاف اس کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن قائدین سیما آندھرا سرمایہ داروں کے آلہ کار کے طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیرنو اور سنہری تلنگانہ کی تشکیل میں تمام جماعتوں کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسانوں کی خودکشی اور وظائف کی تقسیم کے مسئلہ پر حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان اسکیمات پر عمل آوری سے عوام خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔ جگدیش ریڈی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں حکومت سے تعاون کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مسائل سے بخوبی واقف چندر شیکھر راؤ مسائل کے مستقل طور پر حل کے کوشاں ہیں تاکہ آنے والی نسلیں مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ کے فلورائیڈ سے متاثرہ علاقوں کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چار برسوں میں برقی بحران پر قابو پانا اور ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی چھ ماہ کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور تلنگانہ کا ہر فرد حکومت پر فخر کررہا ہے۔