حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر اعلیٰ مسٹر چندر شیکھر راؤ کے مختص کردہ بجٹ کی رہنمائی میں وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ پانی کی سربراہی ، تحفظ ، آلودگی کی کمی ، برقی گاڑیوں جیسے موضوعات سے بڑھ کر شعبہ عوامی حمل و نقل اہمیت کا حامل ہے ۔ اور حکومت تلنگانہ اب شہری انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے پچپن ہزار کروڑ روپئے تین سال کے دوران خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور 2023 تک ریاست کی شہری آبادی ، دیہاتی آبادی سے آگے بڑھ جائے گی اور آئندہ پانچ سال میں ریاست کی پچاس فیصد آبادی شہروں کا رخ کرے گی ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ دیہاتی عوام اچھے طرز زندگی کی تلاش میں شہروں کا رخ کررہے ہیں اور فی الوقت ریاست کی چالیس فیصدی آبادی شہروں میں رہائش پذیر ہے ۔ اور شہروں میں رہائش پذیر قومی اعداد و شمار تیس فیصد ہے ۔ تمام متعلقہ مقامی ادارہ جات کو ہدایات کی جاچکی ہیں کہ وہ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایکشن پلان تیار کرے ۔ تلنگانہ ہندوستان کی وہ ریاست ہے جہاں پر بہت جلد شہری آبادی ، دیہاتی آبادی پر غالب آجائے گی ۔ مسٹر کی ٹی راما راؤ نے آج 2017-18 کی MAUD رپورٹ جاری کرتے ہوئے ان تفصیلات کا انکشاف کیا ۔۔