حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( ایجنسیز ) : حکومت تلنگانہ ، نیوزی لینڈ ، ناروے ، ڈنمارک اور سویڈن جیسے اسکنڈ نیوئین ممالک کی طرز پر ایک نیا میونسپل قانون بنانے کے لیے تیار ہے ۔ حکومت نے حال میں اس سلسلہ میں ایک پالیسی فیصلہ کیا ہے تاکہ تین دہوں پرانے موجودہ بلدی قوانین کو برخاست کیا جائے ۔ جو متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں نافذ کئے گئے تھے اور اس کی جگہ ایک نیا قانون نافذ کرنا چاہتی ہے تاکہ تمام شہری مجالس مقامی میں عوام کو آسانی کے ساتھ خدمات فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔ فی الوقت ریاست تلنگانہ میں 142 بلدیات اور چھ میونسپل کارپوریشنس ہیں ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ایک سرکاری ٹیم ، جسے اس قانون کا مسودہ تیار کرنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ، ملک کی ریاستوں اور دیگر ممالک میں اختیار کئے گئے بہترین بلدی نظم و نسق کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیڈی کررہی ہے ۔ اس ٹیم نے نشاندہی کردہ ممالک کی جانب سے اختیار کئے گئے عوام کے لیے مفید بلدیاتی قوانین کی اسٹیڈی کی ہے اور تین پیچیدہ ایشیوز بلڈنگ پرمیشن دینے ، ٹریڈ لائسنس اور ٹاون پلاننگ کی تیاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا ہے ۔ حکومت سمجھتی ہے کہ یہ تین ایشیوز عہدیداروں کی جانب سے ان کے اختیارات کا بیجا استعمال کرنے اور کرپشن کی بڑی وجوہات ہیں ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ ان مسائل کو حل کرنے میں شفافیت لائے بغیر نئے قانون کو نافذ کرنا کوئی فائدہ مند نہیں ہوگا ۔ یہ نیا قانون تمام عہدیداروں کو ان کی ڈیوٹی کی انجام دہی کے سلسلہ میں جوابدہ بناتا ہے ۔۔