تلنگانہ جناسمیتی تلنگانہ میں دس حلقوں پر مقابلہ کرے گی:کودنڈارام

حیدرآباد 5نومبر(یواین آئی)تلنگانہ جناسمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نے دس اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے تلنگانہ میں حکمران جماعت ٹی آرایس کے خلاف عظیم اتحاد کی تشکیل اورنشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں تاخیرپر مایوسی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس اتحاد میں تاخیر سے اپوزیشن جماعتوں کو تکلیف پہنچ رہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیوالی تک یہ عظیم اتحاد تشکیل دے دیاجائے گا۔انہوں نے مفاہمت میں تاخیر کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑے بھائی کے طورپر کانگریس اس اتحاد کی قیادت کرے ۔اتحا د کی تشکیل اہم ہے ۔کانگریس اس کو سنجیدگی کے ساتھ لے ،اس عظیم اتحاد میں ہر کسی کو اہم رول ہے تاہم کانگریس کا عظیم رول اس عظیم اتحاد کے سلسلہ میں ہے ۔کودنڈارام نے ان کی پارٹی کے انتخابی نشان ماچس کو جاری کیا تاہم انہوں نے کہاکہ پارٹی کا انتخابی منشور ، الیکشن کمیشن کو پیش کیاجائے گا اور بعد ازاں یہ میڈیا کے لئے جاری کردیا جائے گا۔جناسمیتی نے 22اکتوبر کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے نشانہ کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے عظیم اتحاد میں شامل ہونے والی ان کی جماعت کیلئے دس نشستوں کی پیشکش کی تھی تاہم مزید تین تا چار حلقوں کی کانگریس سے خواہش کی گئی ہے ۔انہوں نے ا س یقین کا بھی اظہار کیا کہ کانگریس بائیں بازو کی جماعت کی تشویش بھی دور کرے گی ۔