حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع تملا ناگیشور راؤ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کے خلاف سازشیں کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اور تلنگانہ عوام کے خلاف چندرا بابو نائیڈو کی مسلسل سازشوں کے باوجود تلگودیشم تلنگانہ قائدین کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ قائدین ابھی بھی چندرا بابو نائیڈو کی مدح سرائی کرتے ہوئے سیما آندھرا قائدین کے ہاتھوں کٹھ پتلی کا رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو پڑوسی ریاست کے ساتھ سلوک کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہیئے۔ ایک ریاست کا اپنی پڑوسی ریاست کے ساتھ کس طرح کا سلوک ہونا چاہیئے انہیں جاننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آندھرائی قائدین کو ریاست کی ترقی کے بارے میں تلنگانہ حکومت سے سیکھنا چاہیئے ۔ تلنگانہ حکومت سنہری تلنگانہ کی تشکیل کیلئے پابند عہد ہے اور عوامی نمائندے پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی جس کے باعث وہ عوام کا اعتماد کھورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے خلاف سازشوں کے بجائے نائیڈو کو اپنی ریاست اور عوام کی بھلائی پر توجہ دینی چاہیئے۔ رکن قانون سازکونسل وینکٹیشورلو نے کہا کہ تلگودیشم قائدین کے بیانات مضحکہ خیز ہیں اور عوام انہیں مناسب سباق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالفت کے سبب عوام نے تلگودیشم کو مسترد کردیا تھا۔