تلنگانہ ترقی پذیر ریاست، ملک کیلئے رول ماڈل

ریاست کے قیام اندرون تین سال ہر شعبہ میں حیات میں ترقی، کے ٹی آر وزیر آئی ٹی کا ادعا
حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ترقی کے معاملہ میں ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ ایک قومی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ ہندوستان کی سب سے نوخیز ریاست ہے جس کی عمر صرف تین سال ہے، اس مختصر مدت میں ریاست نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کرتے ہوئے نہ صرف ملک بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد اپنی ترقی کے اعتبار سے دنیا بھر کے ممالک اور سرمایہ کاروں کیلئے توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست رہا ہے حالانکہ یہ نئی ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ معاشی سطح پر ایک سرپلس ریاست کے موقف میں آچکی ہے، چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں کئے جانے والے اقدامات عوام کی ترقی و بھلائی کے ضامن ہیں اور یہی کارکردگی اور اقدامات ٹی آر ایس کو انتخابات میں دوبارہ کامیابی دلائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انہیں آئندہ عام انتخابات کے بارے میں کوئی فکر و اندیشہ نہیں ہے کیونکہ کارکردگی کے سبب عوامی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کرنے کے مقصد سے انہوں نے امریکہ کے سلیکان ویلی کا ایک سے زائد مرتبہ دورہ کیا۔ ایک قومی انگریزی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حیدرآباد ملک میں اہم آئی ٹی مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں عوامی بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ملک میں تلنگانہ ریاست کو ترقی یافتہ اور خوشگوار ریاست میں تبدیل کرنے کا عہد کیا گیا ہے۔ ہر شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت نے سازگار ماحول فراہم کیا۔ ملک کی ٹکنالوجی کیلئے حیدرآباد ایک گیٹ وے کا موقف رکھتا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں جو وسائل موجود ہیں ان سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے انہیں ترقی کیلئے استعمال کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ ٹی ھب سے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویر اور دیگر شعبوں کی ترقی میں بھی حیدرآباد ملک میں ایک نمایاں شہر کا درجہ حاصل کرچکا ہے۔ اس طرح ہمہ جہتی ترقی نے تلنگانہ کو ملک کیلئے بحیثیت رول ماڈل کھڑا کردیا ہے۔