حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ریاستی بی جے پی نے اپنے منشور میں اس بات کا وعدہ کیا کہ برسر اقتدار آنے پر 24 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ریاستی صدر بی جے پی جی کشن ریڈی نے یہاں پارٹی منشور جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ بی جے پی نے شمسی توانائی پمپ سیٹس رکھنے والوں کو 85 فیصد سبسیڈی کے علاوہ کسانوں کو 9 گھنٹے بلارکاوٹ برقی سربراہی کا وعدہ بھی کیا ۔ منشور میں چار ہزار میگاواٹ برقی پیداوار کا بھی وعدہ کیا ۔ کشن ریڈی جو یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کررہے تھے بتایا کہ نظام حکومت کے خلاف لڑائی کرنے والے کو مارم بھیم کے نام سے ضلع عادل آباد کے نام کو کومارم ڈسٹرکٹ کے نام سے موسوم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کاز کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو ایکس گریشیا ، تین ایکڑ اراضی یا دو سو گز پلاٹ اور ارکان خاندان کو وظیفہ کے علاوہ تمام تلنگانہ مجاہدین کے خلاف زیر دوراں مقدمات کو خارج کردیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا جائے گا ۔ جب کہ عوامی تقسیم نظام پر جسٹس وادھوا کمیٹی کی سفارشات کو روبہ عمل لایا جائے گا ۔ میڈیسن میں ٹاپ رینک ہولڈرس ، ایم بی اے سیٹ میں ٹاپ پانچ سو طلبہ کو فری لیاپ ٹاپ ، ایمسیٹ کے ٹاپ دو ہزار لڑکیوں اور ایم بی اے سیٹ کے سو لڑکیوں کو ایک لاکھ نقد رقم کا وعدہ کیا ۔ خواتین کو با اختیار بنانے کوآپریٹیو سوسائٹیز کے قیام کا وعدہ کیا ۔ بی جے پی نے منشور میں ورنگل کو تلنگانہ کے ٹکنیکلی تعلیمی مرکز کی حیثیت سے ابھارنے کا بھی وعدہ کیا ۔ سبسیڈیز کو روزگار اور سرمایہ کاری سے جوڑنے کی بات کہی گئی ۔ تارکین وطن کے موضوعات پر ایک علحدہ وزارت اور علحدہ سیل تشکیل دینے کا وعدہ کیا ۔ سینئیر سٹیزنس ، معذورین ، بیواؤں کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ آئی ٹی سیکڑ اور صنعتی زونس میں خواتین کے تحفظ کے لیے فورس تشکیل دی جائے گی ۔ بافندوں کو آروگیہ شری اسکیم سہولت دی جائے گی ۔ میٹرو ریل کام کو وقت پر مکمل کیا جائے گا ۔ حیدرآباد کو کچرا سے پاک علاقہ بنایا جائے گا ۔ بے گھروں کو گھر فراہم کیے جائیں گے ۔ بسوں ، آٹوز کو قدرتی گیس سے چلانے کو فروغ دیا جائے گا ۔ محبوب نگر میں اقل ترین اجرتوں کو یقینی بنایا جائے گا ۔۔