تلنگانہ بل کی منظوری پر پارلیمنٹ کے باہر جشن کے مناظر

نئی دہلی 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد آج پارلیمنٹ کے باہر زبردست خوشی و مسرت کے مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ موافق تلنگانہ ایم پیز نے ہندوستان کی 29 ویں ریاست کی تشکیل کا جشن مٹھائیوں کی تقسیم اور پُر جوش نعرے بازی کے ذریعہ منایا۔ مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی اور ایم پی ہنمنت راؤ مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس جمع ہوئے اور نئی ریاست کی تشکیل پر صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مبارکباد پیش کی۔ جئے پال ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس غیر معمولی موقع کا سہرا صرف صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سر جاتا ہے اور کسی کو نہیں۔ بی جے پی کہہ سکتی ہے کہ ہم نے بھی ووٹ دیا۔ ہم سب جانتے ہیں، انہوں نے کس قدر شش و پنج ،کس قدر اختلاف کے ساتھ ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے غیرمعمولی جوکھم مول لیا،اپنی مقبولیت کو خطرہ میں ڈال کر اور سیما آندھرا میں اپنی شہرت کو داؤ پر لگا کر بڑی قیمت چکائی ہے۔ دوسری طرف ہنمنت راؤ کو ایم پیز اور منتظر میڈیا والوں میںمٹھائیاں تقسیم کرتے دیکھا گیا۔ راجیہ سبھا سے باہر آنے والے ارکان پارلیمنٹ کی مختلف گیٹوں سے ’’جئے تلنگانہ‘‘ کے زور دار نعرے بلند کررہے تھے۔