تلنگانہ بل کی آج لوک سبھا میں پیشکشی متوقع

حیدرآباد 9 فبروری (این ایس ایس) آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ علحدہ ریاست سے متعلق تلنگانہ بل 10 ؍ فبروری کو لوک سبھا میں پیش کیا جائیگا۔ باثوق ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی جو مہاراشٹرا کے دورہ پر تھے اتوار کی شب راشٹرا پتی بھون واپس ہوں گے اور بل پر غور کریں گے بعدازاں ممکن ہے کہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ بھیج دیں گے۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کا بل توقع ہے کہ 10 فروری کو لوک سبھا اور 11 یا 12 فروری کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا ۔

اپوزیشن تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ مرکز نے پیر کو ہی یہ بل لوک سبھا پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاسی حلقوں میںیہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ پارلیمنٹ میں بل کی پیشکشی کے بعد چیف منسٹر مستعفی ہوجائیں گے ۔وہ اپنے قریبی ساتھیوں سے اپنے فیصلہ کا انکشاف کرچکے ہیں۔ وزراء کے گروپ نے تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں پیشکشی کو منظوری دی جس کے فوری بعد مرکزی کابینہ نے بھی یہ بل منظور کرلیا۔ مرکز نے عندیہ دیا ہے کہ تلنگانہ بل 12 فروری کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا ۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور آندھرا پردیش میں کانگریس کے تنظیمی امور کے انچارج ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ تمام جماعتوں کے تعاون سے پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کیلئے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں۔