تلنگانہ بل پر مباحث کے لئے مزید مہلت کا اصرار

حیدرآباد /28 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کے لئے مزید تین ہفتوں کی توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ کل تک کے لئے اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات چیت اور بل کو اصلی یا نقلی قرار دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر جمہوریہ کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں جو بل پیش کیا جائے،

اسی کو اسمبلی میں بھی مباحث کے لئے روانہ کیا جائے، تاکہ اس بل پر ارکان کو اپنی رائے پیش کرنے میں سہولت ہوسکے۔ انھوں نے کہا کہ کئی وزراء کے بشمول دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی جانب سے بل پر رائے کا اظہار باقی ہے، اس لئے صدر جمہوریہ سے مہلت میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل چیف منسٹر نے مباحث میں 4 ہفتوں کی توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ کو مکتوب روانہ کیا تھا، جس پر مرکز سے تبادلۂ خیال کے بعد پرنب مکرجی نے ایک ہفتہ کی توسیع کرتے ہوئے 23 جنوری کی بجائے 30 جنوری تک بل واپس کرنے کی ہدایت دی تھی۔