تلنگانہ بل پر مباحث میں سیما آندھرا قائدین کی رکاوٹ پر اظہار افسوس

حیدرآباد۔/4جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے پارٹی فلور لیڈر ای راجندر کی قیادت میں اسپیکر اسمبلی این منوہر سے ملاقات کی اور اسمبلی کی کارروائی میں سیما آندھرا ارکان کی جانب سے مسلسل رکاوٹ پر افسوس کا اظہار کیا۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے اسپیکر سے خواہش کی کہ وہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2013ء کے مسودہ پر مباحث کو یقینی بنانے کیلئے اپنے اختیارات کا استعمال کریں۔ ٹی آر ایس نے مباحث اور ایوان کی کارروائی پُرسکون انداز میں چلانے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ٹی آر ایس کے وفد نے اسپیکر کو یاد دلایاکہ گذشتہ سیشن میں ان کی پارٹی نے جب کبھی علحدہ تلنگانہ کے حق میں قرارداد کا مطالبہ کیا تو اس کے ارکان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو چاہیئے کہ وہ سیما آندھرا ارکان کے خلاف کارروائی کریں اور مباحث کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے23جنوری سے قبل مباحث کی تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا کیونکہ صدر جمہوریہ نے ایوان کو اپنی رائے پیش کرنے کیلئے 23جنوری تک کی مہلت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر نے ٹی آر ایس کے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں تمام جماعتوں کے فلور لیڈرس کے ساتھ بات چیت کریں گے اور مباحث کے آغاز کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔

اسپیکر نے کہا کہ جب تک تمام جماعتیں تعاون نہ کریں اسپیکر کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ اسی دوران ٹی آر ایس ارکان اسمبلی ای راجندر، کے ایشور اور ڈاکٹر راجیا نے نئے وزیر اُمور مقننہ ڈاکٹر شیلجا ناتھ کے رویہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُمور مقننہ کی ذمہ داری نبھانے کے بجائے ایوان میں وہ متحدہ آندھرا کے حق میں مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ کیلئے شیلجا ناتھ کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ وزیر اُمور مقننہ کیلئے زیب نہیں دیتا کہ وہ خود متحدہ آندھرا کے حق میں پلے کارڈز تھامے ایوان میں مظاہرہ کریں۔ ایوان کے قواعد کے مطابق اسپیکر نے پلے کارڈس اور پوسٹرس کے ساتھ مظاہرے سے منع کیا اس کے باوجود وزیر اُمور مقننہ خود خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ کے مقصد سے ہی تلنگانہ کے وزیر ڈی سریدھر بابو سے یہ قلمدان واپس لیتے ہوئے شیلجا ناتھ کے حوالے کیا ہے۔