حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسمبلی میں جاری ’’آندھراپردیش تشکیل جدید بل 2013‘‘ پر مباحث میں آج جملہ 30 ارکان اسمبلی بشمول دو وزراء نے حصہ لیا۔ 30 کے منجملہ 17 ارکان نے صدرجمہوریہ ہند کی جانب سے رائے کے حصول کیلئے روانہ کردہ بل کی حمایت کرتے ہوئے ان میں بعض ترمیمات کی سفارش کی جبکہ 13 ارکان نے بل کی صریح مخالفت کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کو بہرقیمت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا، جن دو وزراء نے ایوان میں اپنا موقف پیش کیا ان میں مسز سنیتا لکشما ریڈی اور مسز جی ارونا کماری شامل ہیں۔ دونوں وزراء نے بھی اپنا اپنا موقف پیش کیا۔
مسز ارونا کماری نے ریاست کی تقسیم کے خلاف رائے پیش کی جبکہ مسز سنیتا لکشماریڈی نے صدرجمہوریہ کی جانب سے اسمبلی کو روانہ کردہ ’’آندھراپردیش تشکیل جدید بل 2013‘‘ کی مکمل حمایت کی۔ ایوان میں ہوئے آج کے مباحث کے دوران ایسا محسوس ہورہا تھا کہ رکن اسمبلی کسی سیاسی جماعت کا نہیں ہے بلکہ وہ علاقہ کی بات کررہا ہے۔ ارکان اسمبلی نے جماعتی سطح سے اوپر بات کرتے ہوئے علاقہ کے عوام کی نمائندگی کی کوشش کی۔ اسپیکر اسمبلی نے تمام ارکان اسمبلی کو مذکورہ بل پر اظہارخیال کے چند منٹ فراہم کئے ہیں، جن کے سبب تمام ارکان کو اس پر رائے دینے کا موقع حاصل ہورہا ہے۔