حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش تنظیم جدید مسودہ بل 2013 کو ارکان اسمبلی کی رائے و اسمبلی کی قرار داد کے ساتھ ریاستی حکومت 3 فروری کے دن صدر جمہوریہ ہند کو روانہ کرے گی ۔ جب کہ فی الوقت اس بل کا ریاستی قانون ساز اسمبلی سکریٹریٹ میں انگریزی و ہندی زبانوں میں ترجمہ کروایا جارہا ہے ۔ اس ترجمہ کے لیے 60 ممتاز مترجموں کی خدمات حاصل کی گئیں ۔ ریاستی سکریٹریٹ کے باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ارکان اسمبلی کی رائے کو 850 صفحات پر مشتمل ایک کتاب کی شکل میں دی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بل کو دہلی روانہ کرنے کے مسئلہ پر سکریٹری ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر راجہ سدارام سے آج ڈاکٹر پی کے موہنتی ریاستی چیف سکریٹری نے بات چیت کی ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس بات چیت کے دوران بل کو دہلی روانہ کرنے کے لیے اقدامات پر غور و خوص کیا گیا اور سمجھا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید مسودہ بل 2013 پر ارکان اسمبلی کی رائے و تجاویز پر مشتمل تمام ریکارڈز کو ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ دہلی روانہ کیا جائے گا ۔ جب کہ دہلی سے اس بل کو ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ ہی حیدرآباد روانہ کیا گیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بل کے ہمراہ چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کی جانب سے اس بل کے خلاف پیش کردہ نوٹس بھی روانہ کی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ بل پر اسمبلی میں ندائی ووٹوں سے منظورہ قرار داد بھی روانہ کی جائے گی ۔ اسی ذرائع کے مطابق بل کو دہلی روانہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تیزی سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔