حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز ) وزارت داخلہ ریاست کی تقسیم سے متعلق آندھراپردیش تنظیم جدید مسودہ بل 2013 پر اسمبلی و کونسل میں جاری مباحث اور تنازعہ پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ صدر جمہوریہ نے ریاست کی تقسیم پر ایوان کی رائے حاصل کرنے مسودہ بل اسمبلی کو روانہ کیا لیکن پہلے ہی دن سے مباحث تنازعہ کا شکار ہیں۔ سیما آندھرا ارکان کی جانب سے وقتاً فوقتاً مختلف قواعد کا حوالہ دے کر بل میں خامیوں کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ حکومت کی درخواست پر صدر جمہوریہ نے مباحث کی معیاد کو 23 جنوری سے بڑھا کر 30 جنوری کردیا جس کے بعد چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے بل کو واپس کرنے کی نوٹس دے کر وزارت داخلہ کو حیرت میںڈال دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار روزانہ اسمبلی و کونسل سکریٹریز سے روئیداد حاصل کررہے ہیںتا کہ ارکان کے اعتراض ؤ نقائص کا جائزہ لیا جاسکے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر چیف منسٹر کی نوٹس کے مطابق اسمبلی بل کو واپس کرتی ہے تو تقسیم کا عمل متاثر ہوسکتا ہے اور مرکز کی کارروائی پھر ابتداء کو پہنچ جائے گی۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار بل کو واپس کئے جانے کی صورت میںاختیار کی جانے والی حکمت عملی اور حکومت کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میںقانون اور دستور کے ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے۔
وزارت داخلہ کو امید تھی کہ مسودہ بل مقررہ مدت میں اسمبلی کی رائے کے ساتھ واپس ہوگا جس کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جاسکے گا لیکن اسمبلی میں تنازعہ نے وزارت داخلہ کو بھی الجھن میں مبتلا کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سیما آندھرا ارکان کے اعتراضات کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہے تا کہ قطعی بل کی تیاری کے موقع پر ترمیمات کوشامل کیا جاسکے ۔ وزارت داخلہ میں تیار حکمت عملی کے مطابق 30 جنوری کو بل اور رپورٹ ملنے کے بعد اسے صدر جمہوریہ کو روانہ کیا جائے گا جس کے بعد 11 فروری کو لوک سبھا اور 12 فروری کو راجیہ سبھا میں اسے پیش کرنے کی تجویز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے عہدیداروں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اگر صدر جمہوریہ مباحث کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دیتے ہیں تو بل 7 فروری تک اسمبلی میں زیر التواء رہے گا۔ اس کے بعد قطعی بل کی تیاری اور پارلیمنٹ میں پیشکشی میں وزارت داخلہ کو دشواری ہوسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت داخلہ مزید مہلت کے حق میںنہیں ہے جبکہ چیف منسٹر نے مزید چار ہفتوں کی مہلت کی درخواست کے ساتھ صدر جمہوریہ کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مکتوب پر صدر جمہوریہ وزارت داخلہ سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کریں گے۔