حیدرآباد۔2مارچ ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے بجٹ تیاری کے سلسلہ میں چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے آج سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کر کے بجٹ تیاری کے موقف کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری نے گذشتہ اسمبلی اجلاس کے موقع پر ارکان اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات تحریری انداز میں فی الفور انہیں (ارکان کو ) روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے اسمبلی اجلاس میں پوچھے گئے بعض سوالات کے ابھی تک تحریری جوابات ارکان اسمبلی کو نہ بھجوائے جانے پر اپنی خفگی و برہمی کا اظہار کیا اور جاریہ ماہ منعقد ہونے والے اسمبلی اجلاس میں فوری طورپر جوابات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں کو واقف کروایا کہ جاریہ ماہ 7مارچ سے ریاست تلنگانہ کا بجٹ اجلاس شروع ہوگا اور یہ بجٹ سیشن تقریباً 27 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ نے تمام اعلیٰ عہدیداروں کو اپنے اپنے محکمہ جات کے بجٹ کو قطعی شکل دینے کی ہدایت دی ۔