تلنگانہ بجٹ مخالفین کو منہ توڑ جواب ، عنایت علی باقری ٹی آر ایس قائد کا بیان

حیدرآباد ۔ 7 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاست کے پہلے اسمبلی بجٹ اجلاس میںاقلیتوں کے لئے ایک ہزار کروڑ روپئے اور غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے لئے 51ہزار کی امداد کے اعلان کو تلنگانہ کی جمہوری تاریخ کا عظیم کارنامہ قراردیتے ہوئے اسٹیٹ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس پارٹی میر عنایت علی باقری نے کہاکہ وزیر اعلی کے چندرشیکھر رائو کی قیادت میںجاری کردہ بجٹ مخالفین کو منھ توڑ جواب ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کو تنقیدوں کا نشانہ بنانے والے تلگودیشم اور کانگریس قائدین سے مخاطب ہوکر کہاکہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد میں تو انہوں نے تلنگانہ کی عوام کا ساتھ نہیں دیا مگر اب بھی وقت ہے کہ وہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل میںتعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوامی مسائل کے حل میںاپنی سنجیدگی ظاہر کریں۔ انہوں نے کہاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے جو پہل ٹی آر ایس حکومت نے کی ہے اسکو مزید تقویت پہنچنے کے لئے تلگودیشم اور کانگریس پارٹی کے اقلیتی قائدین کو حکومت تلنگانہ پر تنقیدوں کے بجائے حکومت کا تعاون کرنا چاہئے۔