مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کا گرمجوشی کے ساتھ استقبال ، تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی مملکتی وزیر لیبر و روزگار ( آزادانہ چارج ) بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ ان کی وزارت جلد ہی لیبر اور بے روزگاری کے لیے ایک نئی سمت دے گی ۔ بالخصوص غیر منظم شعبہ کے لیے ، ان پر اعتماد کرنے کے لیے عوام اور پاٹی اور مرکزی وزیر کے طور پر ان کا انتخاب کرنے پر مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ مرکزی حکومت میں انہیں دوسری مرتبہ ذمہ داری دی گئی ہے پہلے وہ واجپائی حکومت میں وزیر شہری ترقی تھے اور اب انہیں وزیر لیبر و روزگار کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مرکزی وزیر وہ نہ صرف کمزور طبقات کے لیے اچھی پالیسیوں کو یقینی بنائیں گے بلکہ تلنگانہ اور بالخصوص حیدرآباد کی ترقی کے لیے بھی کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نئی ریاست ہے اور نریندر مودی تلنگانہ کی ترقی چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھری حکومت اور ترقی مودی حکومت کا ایجنڈہ ہے ۔ مرکزی وزیر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد پہلی مرتبہ شہر آنے پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے بنڈارو دتاتریہ کا گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا گیا اور انہیں ایرپورٹ سے ایک جلوس کی شکل میں پارٹی آفس لایا گیا ۔ جہاں سینکڑوں پارٹی قائدین اور ورکرس نے انہیں تہنیت پیش کی ۔ جن میں پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر کشن ریڈی ، بدم بال ریڈی ، چنتا سانبھا مورتی ، ڈاکٹر این جناردھن ریڈی ، اندر سین ریڈی ، ڈاکٹر لکشمن ، پربھاکر ، این رامچندر راؤ اور دوسرے شامل ہیں ۔۔