تلنگانہ ایمسیٹ نتائج کا اعلان، 98.72 فیصد امیدوار کوالیفائی

انجینئرنگ میں ایم شیخ واجد کو نواں مقام، 16 جون سے کلاسیس کا آغاز، وزیرتعلیم کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے آج تلنگانہ ایمسیٹ 2018ء کے نتائج کا اعلان کیا۔ انجینئرنگ میں 78.24 فیصد امیدوار اگریکلچر و دیگر میں کوالیفائی ہونے والے امیدواروں کا تناسب 90.72 فیصد ہے۔ انجینئرنگ میں ایم شیخ واجد (مادھاپور) کو ساری ریاست میں 9 واں مقام حاصل ہوا۔ 16 جون سے انجینئرنگ فرسٹ ایئر کے کلاسیس شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج سکریٹریٹ میں ایمسیٹ کے نتائج جاری کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ 2 تا 7 مئی تک آن لائن میں ایمسیٹ امتحانات کا انعقاد کرنے والے جے این ٹی یو کے عہدیداروں اور ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انجینئرنگ میں 1.47.958 امیدوار اپنے نام رجسٹریشن کرائے تاہم 1,36,305 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں 1,06,646 امیدوار کوالیفائی ہوئے جن کا تناسب 78.24 فیصد ہے۔ اگریکلچر و دیگر امتحانات کیلئے 73,106 امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کرایا۔ 66,858 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی اور 60,651 امیدوار کوالیفائی ہوئے جن کا تناسب 98.72 فیصد ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ 8 جون تک پہلے مرحلہ میں داخلوں کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں دوسرے مرحلہ کے داخلوں کا عمل مکمل ہوگا۔ 16 جون سے کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ گذشتہ 4 سال سے تلنگانہ حکومت تعلیمی نظام بالخصوص تکنیکی تعلیم میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی۔ انجینئرنگ کے تعلیمی معیار کو بڑھایا گیا۔ بائیو میٹرک اور سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے۔ لیابس کو تمام سہولتوں سے آراستہ کرنے اور 75 فیصد حاضری کو لازمی قرار دیا گیا جس سے انجینئرنگ کالجس کا تعلیمی معیار بڑھا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جاریہ سال حکومت نے سرکاری طور پر ایک کورس سے دوسرے کورس میں منتقل ہونے کیلئے انٹرنل سلائیڈنگ کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ ماضی میں انٹرنل سلائیڈنگ کرنے کی صورت میں فیس ریمبرسمنٹ سے محروم کیا جاتا تھا۔ جاریہ سال سے فیس ریمبرسمنٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔