حیدرآباد /3 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ’’تلنگانہ آل پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی‘‘ تشکیل دی ہے۔ آج منسٹرس کوارٹرس میں تلنگانہ ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں کانگریس، تلگودیشم، ٹی آر ایس اور بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی اور اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر بحث کا جائزہ لیتے ہوئے حکمت عملی تیار کی۔ علاہ ازیں اسمبلی میں تلنگانہ بل پر مباحث کو یقینی بنانے کے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔ مذکورہ کمیٹی میں کانگریس سے جی وینکٹ رام ریڈی اور ڈی سریدھر بابو، تلگودیشم سے ای دیاکر راؤ اور ایم نرسمہلو، ٹی آر ایس سے ای راجندر اور ہریش راؤ اور بی جے پی سے این جناردھن ریڈی اور لکشمی نارائنا کو شامل کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر پنچایت راج کے جانا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے تلنگانہ کل جماعتی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،
جب کہ سی پی آئی، سی پی ایم اور مجلس کے علاوہ تلنگانہ کے تمام ارکان میں تال میل پیدا کرنے کی ذمہ داری ڈی سریدھر بابو کو سونپی گئی ہے۔ دریں اثناء اجلاس میں سریدھر بابو کے قلمدان کی تبدیلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی اور اس کی شکایت کانگریس ہائی کمان سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسٹر کے جانا ریڈی نے کہا کہ تمام جماعتوں کے اصول الگ ہیں، تاہم تلنگانہ مسئلہ پر ہم سب متحد ہیں، لہذا تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی ایک ساتھ مل کر کام کریں گے اور ایک ساتھ اسمبلی میں اپنی آواز بلند کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر سیما۔ آندھرا کے ارکان اسمبلی سیر ہیں تو ہم سوا سیر ہیں۔