صدر کل ہند کانگریس سونیا گاندھی کو چیرمین اے پی اقلیتی کمیشن جناب عابد رسول خاں کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین ریاستی اقلیتی کمیشن مسٹر عابد رسول خاں نے صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو تلنگانہ میں ایک اور سیما آندھرا میں ایک لوک سبھا حلقوں سے ٹکٹ دینے کے علاوہ دونوں علاقوں میں آبادی کے تناسب سے اسمبلی ٹکٹس دینے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر عابد رسول خاں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لیے اقلیتوں نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ کانگریس کی بھی ذمہ داری ہے مسلمانوں کے ساتھ انصاف کریں ۔ وہ بحیثیت صدر نشین اقلیتی کمیشن تلنگانہ اور سیما آندھرا میں اقلیتوں کا سماجی و معاشی سروے کراچکے ہیں ۔ ساتھ ہی اقلیتوں کی 40 تا 60 فیصد آبادی والے حلقوں کی نشاندہی کرچکے ہیں ۔ کئی ایسے حلقے ہیں جہاں مسلمانوں کے ووٹوں کا فیصلہ کن موقف ہے ۔ گذشتہ 10 سال کے دوران مرکزی و ریاستی حکومتوں نے اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں ۔
مزید کئی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ قانون ساز اداروں میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی موجودگی وقت کا تقاضہ ہے ۔ کانگریس ہی واحد سیکولر جماعت ہے ۔ جو سماجی انصاف کرسکتی ہے ۔ علاقہ تلنگانہ اور سیما آندھرا سے ایک ایک مسلم قائد کو کم از کم لوک سبھا کا ٹکٹ دیا اس کے علاوہ دونوں علاقوں میں آبادی کے تناسب سے مسلمانوں کو اسمبلی کا ٹکٹ دیا جائے ۔ اگر اقلیتوں کو مناسب نمائندگی دی گئی تو اقلیتیں کانگریس کو اقتدار حوالے کرنے میں پھر ایکبار اہم رول ادا کریں گے ۔ پارٹی کی جانب سے اقلیتوں کو مناسب نمائندگی دینے پر عوام میں مثبت پیغام پہونچے گا ۔ علاقہ تلنگانہ میں مسلمانوں اور عیسائی طبقہ کی قابل لحاظ تعداد ہے ۔ دوسری جماعتوں پر اقلیتوں کو بھروسہ نہیں ہے کیوں کہ یہ علاقائی جماعتیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے کبھی بھی فرقہ پرست بی جے پی سے سیاسی اتحاد یا مفاہمت کرسکتی ہے ماضی میں بھی کرچکی ہے آئندہ بھی اتحاد کرنے کے اشارے دے رہی ہیں ۔ انہیں امید ہے کانگریس ہائی کمان ٹکٹوں کی تقسیم میں اقلیتوں سے مکمل انصاف کرے گی ۔۔