اداروں کی تقسیم میں سرعت پیدا کرنے کا فیصلہ ، شیلا بھیڈے کمیٹی اجلاس میں کارپوریشنوں کی تقسیم کا جائزہ
حیدرآباد۔/13فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سرکاری اداروں کی تقسیم کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دونوں حکومتیں اپنے اپنے اداروں پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے انہیں کارکرد بنائیں۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014کے تحت سرکاری کارپوریشنوں کی تقسیم کیلئے قائم کی گئی شیلا بھیڈے کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سرکاری کارپوریشنوں کی تقسیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت کے مشیر و سابق آئی اے ایس عہدیدار اے کے گوئل اور دیگر عہدیداروں نے مختلف کارپوریشنوں کے عہدیداروں کے ساتھ اداروں کی تقسیم کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کمیٹی نے اداروں کے لئے مشترکہ ریاست کے بجٹ اور اسکیمات پر عمل آوری کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اداروں کے پاس موجود مشترکہ بجٹ کو 58اور 42فیصد کی شرح پر تقسیم کریا جائے اور دونوں ریاستوں کے علحدہ اکاؤنٹس کھولے جائیں تاکہ بجٹ متعلقہ ریاستوں پر خرچ کرنے میں سہولت ہو۔ کمیٹی نے تمام کارپوریشنوں کو ہدایت دی کہ اپریل تک آڈٹ کا کام مکمل کرتے ہوئے کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 2011-12 کی آڈٹ مکمل ہوچکی ہے۔ عہدیداروں نے کارپوریشن کے حکام کو ہدایت دی کہ باقی دو برسوں کی آڈٹ آئندہ دو ماہ میں مکمل کرلیں تاکہ عاجلانہ تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔ کمیٹی نے کارپوریشنوں کے ملازمین کی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ یہ کام بھی فوری مکمل کرلیں۔ کمیٹی نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکالر شپ اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری کی رپورٹ طلب کی۔ اس کے علاوہ دونوں حکومتوں کی جانب سے بجٹ کی اجرائی اور خرچ کا بھی جائزہ لیا گیا۔