کئی دیہاتوں کا رابطہ سڑک سے ٹوٹ گیا
حیدرآباد،15ستمبر(یواین آئی)تلنگانہ اور آندھراپردیش میں گزشتہ تین دنوں سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ بارش کے سبب کئی ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوا ۔ کئی دیہاتوں کا رابطہ سڑک سے ٹوٹ گیا ۔کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی نے کارپوریشن کے اعلی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ چوکس رہیں ۔ انہوں نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو چوکس رہنے کی بھی ہدایت دی ۔ ساتھ ہی پرانی ‘ خستہ حال عمارتوں میں رہنے والوں کا تخلیہ کروانے کی بھی ہدایت دی تاکہ نقصانات کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے عمارتوں سے متصل جھونپڑیوں میں رہنے والوں کا فوری تخلیہ کرانے کی بھی ہدایت دی ۔ تاکہ کسی بھی ناگہانی واقعہ یا دیوار گرنے کے واقعات کو روکا جاسکے ۔بارش کے سبب بعض نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ شدید بارش سے حیدرآباد ‘ بیدر انٹر سٹی ایکسپریس ٹرین کی پٹریوں کو نقصان پہونچا ۔ وقارآباد تا پرگی چلائی جانے والی ٹرین کی پٹریوں کو بھی نقصان پہونچا جس سے کئی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں تک دونوں تلگو ریاستوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوگی ۔ شدید بارش کے سبب ضلع رنگاریڈی کے وقارآباد میں ٹرین کی پٹریاں بہہ گئیں جس سے وقارآباد ۔حیدرآباد کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی ۔ بعض ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا اور بعض کے رخ کو تبدیل کردیا گیا ۔ ریلوے کے حکام نے بارش کے سبب چوکسی اختیار کی اور نئی پٹریاں بچھانے کا کام شروع کردیا گیا ۔ ضلع میدک میں شدید بارش سے زرعی اراضیات کو شدید نقصان پہونچا ۔