حیدرآباد 29۔ مارچ (سیاست نیوز ) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش میں نئے تلگوسال اُگادی کا تہوار نہایت ہی جوش وخروش کے ساتھ منایاجارہا ہے ۔اس موقع پر خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا ۔لوگوں نے گھروں کو پھولوں سے سجایا اور نئے کپڑے پہنتے ہوئے اُگادی کی ایک دوسرے کو مبارکبا د پیش کی۔اُگادی دراصل تہذیبی تہوار ہے جو جنوبی ہند کی دو تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بڑے پیمانہ پر منایا جاتا ہے ۔اس موقع پر املی کے رس،نیم کی کونپلیں،کیری وغیرہ پر مشتمل خصوصی ڈش پچڑی تیار کی جاتی ہے ۔آنے والے تین ماہ میں موسم گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے یہ پچڑی استعمال کی جاتی ہے ۔آج کے دن کو مقدس بھی ماناجاتا ہے اور حکومت کی جانب سے نئے پروجیکٹس کی شروعات کئے جاتے ہیں۔اس موقع پر آنے والے ایک سال میں ہونے والے واقعات کی پیشن گوئی کے لئے پنڈت پنچگام نکالتے ہیں۔تلنگانہ اور آندھراپردیش حکومتوں کی جانب سے بھی پنچگام نکالے گئے جس میں بتایا گیا کہ آنے والا ایک سال حکومت کے لئے کیسا ہوگا۔