تلنگانہ اضلاع کی تعداد 31 ہوگی

آصف آباد بھی ضلع بننے کا امکان ،سب کو مطمئن کرنے کی کوشش
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق برسر اقتدار پارٹی کے قائدین کے ساتھ اپنی دو روزہ مشاورت مکمل کرلی ہے اور توقع ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے موجودہ اضلاع کی تقسیم کے ساتھ جملہ 31 اضلاع تشکیل دینے کے لیے اپنا ذہن بنالیا ہے ۔ شروع میں یہ سمجھا جارہا تھا کہ اضلاع کی تعداد دس سے بڑھ کر 27 ہوگی اب نئے اضلاع کی فہرست میں آصف آباد کا اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ سرسلہ جنگاؤں اور گدوال کو ضلع بنانے کے مطالبے قبول کیے جاچکے ہیں ۔ اضلاع کی تشکیل جدید کے مسئلہ پر ایک اور کل جماعتی اجلاس کے انعقاد کا اب کوئی امکان نہیں ہے ۔ کیوں کہ ریاستی حکومت نے اضلاع کی تعداد میں اضافہ کے لیے بیشتر مطالبات قبول کرلیے ہیں ۔ ریونیو ڈیویژن اور منڈل کی تعداد میں بھی اضافہ کے مطالبے مان لیے گئے ہیں ۔ رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ کی زیر قیادت اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے جس میں رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار اور نائب صدر ریاستی منصوبہ بندی بورڈ ایس نرنجن ریڈی شامل تھے ۔ نئے 6 اضلاع کی تشکیل سے متعلق سب کو ساتھ لے کر چلنے کا اپنا مفوضہ کام پورا کرلیا ہے ۔ چیف منسٹر کا مقصد اضلاع کی تشکیل جدید کے ساتھ غریبی کے انسداد وسائل سے بہتر استفادہ اور تیز تر ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔۔